امارات میں رمضان کے دوران ورک آورز میں کمی سے متعلق وضاحت

خلیجی ملک میں رمضان المبارک 12 مارچ 2024ء بروز منگل سے شروع ہونے کا امکان ظاہر کردیا گیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 20 فروری 2024 12:16

امارات میں رمضان کے دوران ورک آورز میں کمی سے متعلق وضاحت
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 فروری 2024ء ) متحدہ عرب امارات میں رمضان المبارک کے دوران ملازمین کے کام کے اوقات میں کمی، تعطیلات، مفت پارکنگ اور مقدس مہینے کے دوران دیگر تبدیلیوں کی وضاحت جاری کردی۔ خلیج ٹائمز کے مطابق دبئی اسلامک افیئرز اینڈ چیریٹیبل ایکٹیویٹیز ڈیپارٹمنٹ (IACAD) کے شائع کردہ ہجری کیلنڈر کے تحت رمضان المبارک 12 مارچ 2024ء بروز منگل سے شروع ہونے کا امکان ہے، اس ماہ مقدس کے دوران رہائشیوں کے روزمرہ کے معمولات میں تبدیلی آتی ہے، جن میں کام کے اوقات سے لے کر اسکول کے اوقات کار اور ادا شدہ پارکنگ کے اوقات تک زندگی کے بہت سے ایسے پہلو ہیں جو مقدس مہینے میں بدل جاتے ہیں۔

>> کام کے اوقات
ملازمین کے لیے کام کے اوقات میں کمی کا اطلاق روزہ دار اور روزہ نہ رکھنے والے دونوں ملازمین پر ہوتا ہے، اس سے ملازمین کو اس مہینے کی روحانی اور ثقافتی سرگرمیوں کا حصہ بننے میں مدد ملتی ہے، متحدہ عرب امارات کی حکومت عام طور پر سرکاری اور نجی دونوں شعبوں کے لیے کام کے اوقات کم کرنے کا اعلان کرتی ہے، نجی شعبے میں زیادہ تر ملازمین اپنے کام کے دن میں 2 گھنٹے کی کمی سے لطف اندوز ہوتے ہیں، سرکاری دفاتر اکثر جلدی بند ہوجاتے ہیں، پبلک سیکٹر کے ملازمین کے کام کے اوقات معمول کے 8 گھنٹے کی بجائے 6 گھنٹے رہ جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

>> اسکولوں کا شیڈول
تعلیمی دنوں کو عام طور پر روزانہ پانچ گھنٹے تک کم کیا جاتا ہے، تاہم اس سال زیادہ تر اسکول مقدس مہینے کے پہلے تین ہفتوں کے دوران بند رہیں گے، ادارے اس مدت کے ارد گرد موسم بہار یا اختتامی وقفے کے لیے بند کر دیئے جائیں گے۔
>> پارکنگ
رمضان المبارک کے دوران ادا شدہ پارکنگ کے اوقات میں تبدیلی کی جاتی ہے، ان کا اعلان مقدس مہینے کے قریب کیا جائے گا، پچھلے سال دبئی نے پیر تا ہفتہ صبح 8 بجے سے شام 6 بجے اور رات 8 بجے سے 12 بجے رات تک فیس کا اطلاق کیا، رہائشیوں کو ہفتے کے دنوں میں 2 گھنٹے مفت پارکنگ کی سہولت دی گئی، شارجہ نے ہفتہ سے جمعرات کو صبح 8 بجے سے آدھی رات تک فیس کا اطلاق کیا۔

>> ریسٹورنٹس، کیفے
دبئی میں زیادہ تر کھانے پینے کی جگہوں پر معمول کے تحت کاروبار جاری رہتا ہے، اگرچہ غیر مسلموں کے لیے دن کے وقت عوام میں کھانے پینے سے گریز کرنے کی کوئی شرط نہیں ہے لیکن کوئی بھی روزہ داروں کے احترام میں سرعام کھانے پینے سے اجتناب کا انتخاب کر سکتا ہے۔
>> افطار
رمضان المبارک کے دوران افطار کو بہت اہمیت حاصل ہے کیوں کہ یہ اس کھانے کی نشاندہی کرتا ہے جو مغرب کی اذان کے ساتھ ہی روزہ کھولتا ہے، افطار عام طور پر خاندان اور دوستوں کے اکٹھے ہونے اور ایک خاص کھانے سے لطف اندوز ہونے کا وقت ہوتا ہے، دبئی کے بہت سے ہوٹل اور ریسٹورنٹس اس موقع پر دعوتوں کے لیے خصوصی افطار مینو پیش کرتے ہیں، متعدد ریسٹورنٹ افطار کے لیے دلکش آفرز اور رعایت فراہم کرتے ہیں۔

>> نماز، تراویح 
رمضان المبارک کے دوران کم اور آرام دہ کام کے اوقات کی بدولت روزہ دار مسلمان اپنی زیادہ تر پانچ نمازیں مساجد میں ادا کرنے کے قابل ہوتے ہیں، اسی وجہ سے اس مہینے میں عبادت گاہیں عام طور پر بھری ہوتی ہیں، خاص طور پر نماز تراویح کے دوران فرزندان توحید کثیر تعداد میں مساجد کا رخ کرتے ہیں جو عشاء کے بعد ادا کی جاتی ہیں۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں