اماراتی شہزادی انتقال کر گئی، نماز جنازہ میں شاہی خاندان سمیت دیگر افراد کی بھی شرکت

شیخہ عائشہ بنت ماجد کا تعلق اماراتی ریاست راس الخیمہ کے شاہی خاندان سے تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 10 جون 2019 11:53

اماراتی شہزادی انتقال کر گئی، نماز جنازہ میں شاہی خاندان سمیت دیگر افراد کی بھی شرکت
راس الخیمہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،10 جُون2019ء) متحدہ عرب امارت کی ریاست راس الخیمہ کی شہزادی کا انتقال ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق شہزادی شیخہ عائشہ بنت ماجد بن نصیر بن سُلطان القاسمی کا انتقال گزشتہ روز ہوا۔ شہزادی کی نمازِ جنازہ راس الخیمہ کے ولی عہد عزت مآب شیخ محمد بن سعود بن سقر القاسمی نے پڑھائی۔ شہزادی شیخہ عائشہ بنت ماجد کو نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد ضلع عریبی کے قواسم قبرستان میں سپُرد خاک کر دیا گیا۔

شیخہ عائشہ بنت ماجد کی نماز جنازہ میں راس الخیمہ کے فرمانروا کے خصوصی مشیر شیخ عبداللہ بن مالک بن قائد القاسمی ، شیخ حُمید بن عبداللہ القاسمی، راس الخیمہ سپورٹس کلب کے صدر شیخ سقر بن محمد بن سقر القاسمی، شیخ مروان بن عبدالمالک بن قائد القاسمی، شیخ ارحمہ بن سعود بن خالد القاسمی(راس الخیمہ کے ولی عہد کے دفتر کے ڈائریکٹر برائے میڈیا ڈیپارٹمنٹ)، شیخ محمد بن سعود بن خالد القاسمی کے علاوہ شاہی خاندان کے درجنوں افراد نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر عرب اور مسلم کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے عام شہریوں، حکومت کے اعلیٰ عہدے داروں اور علاقے کے معززین کی بھی بڑی تعداد شریک تھی۔ متحدہ عرب امارات کی دیگر ریاستوں کے فرماں رواﺅں اور ولی عہد صاحبان کی جانب سے بھی راس الخیمہ کے شاہی خاندان کے ساتھ شیخہ عائشہ بنت ماجد کے وصال کے حوالے سے تعزیت کا اظہار کیا گیا اوراُن کی رُوح کے ایصالِ ثواب کی خاطر خصوصی فاتحہ خوانی بھی کی گئی اور بلند درجات کے لیے دُعائیں بھی مانگی گئیں۔

متعلقہ عنوان :

رأس الخيمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں