امارات میں 10 لاکھ درہم الیکٹرانک فراڈ کے ملزم چند گھنٹوں میں گرفتار

ملزمان نے راس الخیمہ کی ایک کمپنی کے سپلائر کی نقالی کی اور ای میل کے ذریعے پیغام بھیج کر رقم ہتھیائی

Sajid Ali ساجد علی پیر 18 ستمبر 2023 18:06

امارات میں 10 لاکھ درہم الیکٹرانک فراڈ کے ملزم چند گھنٹوں میں گرفتار
راس الخیمہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 18 ستمبر 2023ء ) متحدہ عرب امارات میں 10 لاکھ درہم الیکٹرانک فراڈ کے مشتبہ ملزمان کو چند گھنٹوں کے اندر گرفتار کرلیا گیا۔ خلیجی میڈیا کے مطابق راس الخیمہ پولیس کو ایک کمپنی کی جانب سے یہ رپورٹ موصول ہونے کے چند گھنٹوں کے اندر تین مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا کہ وہ کمپنی 2 لاکھ 81 ہزار یورو (تقریباً 10 لاکھ درہم سے زائد) کی جعلسازی کا شکار ہوئی ہے، فراڈ گینگ کے ارکان کو دبئی پولیس کے تعاون سے گرفتار کیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ ملزمان نے مبینہ طور پر راس الخیمہ میں قائم ایک کمپنی کے سپلائر کی نقالی کی اور کمپنی سے ای میل کے ذریعے سپلائر کے نئے بینک اکاؤنٹ میں ادائیگی کرنے کے لیے کہا، ای میل حقیقی دکھائی دے رہی تھی کیوں کہ یہ ان کے درمیان جاری کسی بھی معاہدے سے متعلق تھی اور ایسا لگتا تھا اسے معمول کے ای میل ایڈریس سے بھیجا گیا ہے، جس کو دیکھ کر کمپنی نے 2 لاکھ 81 ہزار یورو کی رقم منتقل کردی۔

(جاری ہے)

چند دن بعد جب کمپنی اور حقیقی سپلائر نے ادائیگی کی پیروی کی تو یہ بات سامنے آئی کہ سپلائر کا کوئی نیا بینک اکاؤنٹ نہیں تھا اور ادائیگی اسے موصول ہی نہیں ہوئی، اس کے بعد کمپنی کے ایک نمائندے نے راس الخیمہ میں الجزیرہ الحمرا کمپری ہینسو پولیس اسٹیشن کو فراڈ کی اطلاع دی۔ بتایا جاتا ہے کہ رپورٹ کو فوری طور پر کرمنل انویسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ، ٹیکنیکل کرائمز برانچ کو بھیج دیا گیا، حفاظتی طریقہ کار کے بعد پولیس نے اس نوعیت کے تکنیکی جرائم سے نمٹنے کے لیے کریمنل انویسٹی گیشن ڈویژن (سی آئی ڈی) سے تربیت یافتہ ایک ٹیم تشکیل دی، جس کے بعد مجرموں کا سراغ لگانے کا منصوبہ بنایا گیا اور چند گھنٹوں کے اندر ٹیم دبئی میں موجود مجرموں کا پتا لگانے میں کامیاب ہو گئی، جہاں انہیں دبئی پولیس کے تعاون سے فوری گرفتار کر لیا گیا، ملزمان کی گرفتار کے بعد اسی طرح کے دیگر فراڈ بھی اس کیس کے ذریعے دریافت ہوئے جن کی رقم لاکھوں درہم تھی، ملزمان کو متعلقہ حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے تاکہ ان کے خلاف ضروری قانونی کارروائی کی جا سکے۔

راس الخیمہ پولیس کے کمانڈر انچیف میجر جنرل علی عبداللہ بن علوان النعیمی نے کمیونٹی ممبران اور کاروباری افراد سے اپیل کی کہ وہ ٹیلی فون یا میٹنگز کے ذریعے کمپنیوں کے نمائندوں کی شناخت کی تصدیق کے علاوہ لین دین اور بینک ٹرانسفر شروع نہ کریں، جعلساز متاثرین کو جھوٹ سے دھوکہ دیتے ہیں، جن میں اکاؤنٹس بند کرنا، ان کے نام تبدیل کرنا یا ان کی جگہ نئے اکاؤنٹ بنانا شامل ہیں۔

رأس الخيمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں