یو اے ای اور عمان کے درمیان نئی بس سروس چلانے کا معاہدہ ہوگیا

راس الخیمہ سے شروع ہونیوالی پہلی بین الاقوامی پبلک بس سروس مسندم عمان تک سفری سہولیات فراہم کرے گی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 31 اگست 2023 16:33

یو اے ای اور عمان کے درمیان نئی بس سروس چلانے کا معاہدہ ہوگیا
راس الخیمہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 31 اگست 2023ء ) متحدہ عرب امارات اور عمان کے درمیان نئی بس سروس چلانے کا معاہدہ ہوگیا، اماراتی ریاست راس الخیمہ سے شروع ہونے والی پہلی بین الاقوامی پبلک بس سروس خلیجی سلطنت عمان میں مسندم تک سفری سہولیات فراہم کرے گی۔ گلف نیوز کے مطابق راس الخیمہ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (RAKTA) نے مسندم کی میونسپلٹی کے ساتھ بس ٹرانسپورٹ روٹ چلانے کے لیے تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جس کے تحت اتھارٹی نے پہلی بین الاقوامی پبلک بس شروع کرنے کا اعلان کیا، جو ماراتی ریاست راس الخیمہ کو عمانی شہر مسندم سے جوڑتی ہے، جس کا اعلان دونوں ممالک کے درمیان عام افراد اور سیاحوں کی نقل و حرکت کو بڑھانے کے لیے مسندم گورنریٹ کے صدر دفتر میں ہونے والے معاہدے پر دستخط کی تقریب کے بعد کیا گیا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ ٹور پیکج کی مجموعی قیمت ان ٹور آپریٹرز کی بنیاد پر مختلف ہو سکتی ہے جن کے ساتھ آپ بکنگ کرتے ہیں لیکن قیمت 300 درہم سے 500 درہم فی شخص تک ہوسکتی ہے، اس میں مکمل گائیڈڈ ٹور، بس پک اینڈ ڈراپ، دیگر سرگرمیاں اور کھانا شامل ہے، ایک دن کی سیاحت کے خواہشمند افراد دبئی سے مسندم تک کا پورا ٹور ایک دن میں مکمل کرکے شام کو واپس آ سکتے ہیں۔

راس الخیمہ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل اسماعیل حسن البلوشی کا کہنا ہے کہ اس معاہدے پر دستخط دونوں فریقین کے درمیان مستقبل کے تعاون اور شہریوں کی خدمت کرنے والے عوامی اور سیاحتی نقل و حمل کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کے نفاذ کا نقطہ آغاز ہے، جس سے دونوں ممالک کے رہائشی اور سیاح مستفید ہوں گے، اس سروس کا آغاز ہمارے اسٹریٹجک اہداف کے ساتھ مطابقت رکھتا ہے تاکہ اجتماعی نقل و حمل کو فروغ دیا جا سکے اور محفوظ، قابل بھروسہ سمارٹ ٹرانسپورٹ ذرائع فراہم کرکے ایک پائیدار زمینی نقل و حمل مہیا کی جائے، نئی سروس سے مستقبل میں دیگر علاقوں کا احاطہ کرنے کے لیے دروازے کھولے جائیں گے اور ایسے نئے منصوبے شروع کیے جائیں گے جو دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ہوں۔

مسندم گورنریٹ کی میونسپلٹی کے ڈائریکٹر جنرل ناصر الحسانی نے بتایا کہ اس معاہدے کا مقصد راس الخیمہ اور گورنریٹ مسندم کے درمیان شہریوں اور سیاحوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کو بڑھانا ہے، اس کو مزید ترقی دینے کے لیے دونوں فریقین کے درمیان مسلسل ہم آہنگی کے ذریعے سروس کا مستقبل میں جائزہ لیا جائے گا۔

رأس الخيمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں