’400 درہم جرمانہ‘ پولیس نے رہائشیوں کو تازہ وارننگ جاری کردی

متحدہ عرب امارات میں پولیس نے ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی کیلئے نئی مہم شروع کردی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 16 اگست 2023 12:05

’400 درہم جرمانہ‘ پولیس نے رہائشیوں کو تازہ وارننگ جاری کردی
راس الخیمہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 16 اگست 2023ء ) متحدہ عرب امارات میں پولیس نے رہائشیوں کو ٹریفک جرمانے سے متعلق تازہ وارننگ جاری کردی۔ اماراتی میڈیا کے مطابق راس الخیمہ پولیس نے ایک نئی مہم کا آغاز کیا ہے جس میں گاڑی چلانے والوں سے کہا گیا ہے کہ وہ گاڑیوں کے درمیان محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں اور احتیاط سے گاڑی چلائیں۔ معلوم ہوا ہے کہ اتھارٹی کی جانب سے 'احتیاط کے ساتھ ڈرائیو کریں اور محفوظ فاصلہ چھوڑیں' کے نعرے کے تحت شروع کی گئی ایک نئی مہم ٹریفک کی حفاظت کو بہتر بنانے اور سڑکوں کو محفوظ بنانے کے لیے راس الخیمہ پولیس کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔

اس حوالے سے اتھارٹی نے گاڑی چلانے والوں کو بتایا کہ گاڑیوں کے درمیان محفوظ فاصلہ 5 سے 10 میٹر کے درمیان ہے، رفتار بڑھنے کے ساتھ فاصلہ 5 میٹر تک بڑھ جاتا ہے، وزارتی قرارداد نمبر 178 اور خلاف ورزیوں، جرمانے اور ٹریفک پوائنٹس کے شیڈول کے آئٹم نمبر 52 کے مطابق مناسب فاصلہ نہ چھوڑنے کی ٹریفک کی خلاف ورزی پر 400 درہم جرمانہ اور چار ٹریفک پوائنٹس کی کٹوتی بھی ہوگی۔

(جاری ہے)


یہ بھی بتایا جاتا ہے کہ ابوظہبی پولیس نے گاڑی چلانے والوں کی سہولت کے لیے ٹریفک جرمانے کی ادائیگی کے لیے ایک نیا جدید نظام شروع کیا ہے، ابوظہبی پولیس کی ویب سائٹ پر اس سسٹم سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے، یہ اقدام "سمارٹ سروسز فار ماڈرن پولیس" مہم کے تحت شروع کیا گیا ہے، پولیس نے وضاحت کی ہے کہ سمارٹ سروس سے فائدہ اٹھانے کے لیے رجسٹریشن مفت ہے، جن دستاویزات کو جمع کرنے کی ضرورت ہے ان میں ایمریٹس آئی ڈی کارڈ اور گاڑی کی ملکیت یا رجسٹریشن کے کاغذات شامل ہیں۔

ابوظہبی پولیس نے بتایا کہ سروس کے لیے رجسٹریشن کی شرائط کے لیے گاڑی کے مالک یا مالک کے نمائندے کی ذاتی موجودگی کی ضرورت ہوتی ہے، سروس کے لیے رجسٹریشن کی شرائط میں سے ایک یہ ہے کہ ٹریفک پوائنٹس یا گاڑی ضبط کرنے جیسی ٹریفک کی خلاف ورزی نہیں ہونی چاہیے کیوں کہ صارف کو ڈرائیور کے لائسنس میں ٹریفک پوائنٹس کو شامل کرنا ہوگا اور گاڑی کی بکنگ الاؤنس ادا کرنا ہوگا۔

رأس الخيمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں