متحدہ عرب امارات سے بھارت کی سستی پروازوں کا آغاز

ممبئی اور راس الخیمہ کے درمیان روزانہ 625 درہم کے ریٹرن ٹکٹ کی پروازیں چلائی جائیں گی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 22 ستمبر 2022 17:25

متحدہ عرب امارات سے بھارت کی سستی پروازوں کا آغاز
راس الخیمہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 ستمبر2022ء) متحدہ عرب امارات سے بھارت کا سفر کرنے والوں کے لیے خوشخبری ہے کہ ممبئی اور راس الخیمہ کے درمیان روزانہ 625 درہم کے ریٹرن ٹکٹ کی سستی پروازوں کا آغاز ہوگیا۔ خلیجی میڈیا کے مطابق بھارت کی کم لاگت والی فضائی کمپنی انڈی گو IndiGo نے ممبئی سے راس الخیمہ تک اپنی سروس کا افتتاح کردیا ہے، جس کے تحت ایئر لائن اب راس الخیمہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ (RKT) سے 625 درہم کی تعارفی قیمت پر روزانہ پروازیں چلائے گی، راس الخیمہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ متحدہ عرب امارات کا چوتھا ہوائی اڈہ ہے جس پرIndiGo نے پروازوں کا آغاز کیا ہے اور مشرق وسطیٰ میں یہ اس کی گیارہویں منزل ہے۔

بتایا گیا ہے کہ جب پہلی پرواز امارات میں اتری تو راس الخیمہ کے ولی عہد شیخ محمد بن سعود بن سقر القاسمی، راس الخیمہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے چیئرمین انجینئر شیخ سالم بن سلطان القاسمی اور ہوائی اڈے کے سی ای اوAtanasios Titonis نے اس کا استقبال کیا، ٹرمینل پر ٹیکسی کرتے ہوئے طیارے کا استقبال واٹر کینن کی سلامی کے ساتھ کیا گیا، جس میں ممبئی سے 180 مسافروں کو لایا گیا، جن میں انڈیگو کے نئے سی ای او پیٹر ایلبرز بھی شامل تھے جب کہ متحدہ عرب امارات میں ہندوستانی سفیر سنجے سدھیر بھی اس پرواز سے راس الخیمہ پہنچے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ IndiGo پہلے ہی بھارت کے 12 مقامات سے دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے لیے پروازیں پیش کرتا ہے، اس کے علاوہ ابوظہبی کیلئے 8 اور شارجہ کے لیے تین شہروں سے پروازیں چلائی جاتی ہیں جب کہ راس الخیمہ کے پاس بھارت کے لیے صرف ایک نان اسٹاپ فلائیٹ تھی جو ایئر انڈیا ایکسپریس کوزی کوڈ (CCJ) ایئرپورٹ کیرالہ سے آپریٹ ہوتی ہے۔ انجینئر شیخ سالم بن سلطان القاسمی نے کہا کہ انڈی گو ایئر لائنز کا راس الخیمہ بین الاقوامی ہوائی اڈے پر خیرمقدم کرنا اور برصغیر پاک و ہند سے مسافروں کی بڑھتی ہوئی آمد کو تسلیم کرنا ہماری خوشی کی بات ہے، راس الخیمہ کی معیشت کے پیچھے محرک قوت اس کے فروغ پذیر سیاحت اور صنعتی شعبے میں ہے اور IndiGo کا نقطہ نظر ہماری مسافروں کی ضروریات کے مطابق ہے۔

رأس الخيمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں