متحدہ عرب امارات میں خطہ خلیج کا پہلا کسینو(جوا خانہ) کھولنے کی تیاریاں

ہوٹلز اور کسینوز کے کاروبار سے وابستہ معروف امریکی کمپنی راس الخیمہ میں لگژری ریزورٹ اور کسینو تعمیر کرے گی

muhammad ali محمد علی جمعرات 10 نومبر 2022 22:32

متحدہ عرب امارات میں خطہ خلیج کا پہلا کسینو(جوا خانہ) کھولنے کی تیاریاں
راس الخیمہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 نومبر2022ء) متحدہ عرب امارات میں خطہ خلیج کا پہلا کسینو(جوا خانہ) کھولنے کی تیاریاں، ہوٹلز اور کسینوز کے کاروبار سے وابستہ معروف امریکی کمپنی اماراتی علاقے راس الخیمہ میں لگژری ریزورٹ اور کسینو تعمیر کرے گی۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے علاقے راس الخیمہ میں لگژری ریزورٹ اور کسینو کی تعمیر کا اعلان کیا گیا ہے، بتایا گیا ہے کہ یہ کسی خلیجی ملک میں تعمیر کیے جانے والا پہلا کسینو ہے، اب تک کسی بھی خلیجی ملک میں کبھی بھی کسینو کھولنے کی اجازت نہیں دی گئی تھی، تاہم حال ہی میں متعدد سخت قوانین میں نرمی کرنے والے متحدہ عرب امارات میں اب کسینو کی تعمیر کے حوالے سے بھی بڑی پیش رفت ہوئی۔

رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ہوٹلز اور کسینوز کے کاروبار سے وابستہ معروف امریکی کمپنی وائن ریزورٹس کی جانب سے خلیج کے پہلے کسینو کی تعمیر کے لیے متحدہ عرب امارات کے علاقے راس الخیمہ کو منتخب کیا گیا ہے، کسینو کی تعمیر 2026 میں مکمل ہونے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق یہ اہم پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے کہ جب خطہ خلیج میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے درمیان کاروباری سرگرمیوں اور سیاحت کے فروغ کیلئے سخت مقابلہ چل رہا ہے۔

حالیہ چند برسوں کے دوران سخت اسلامی قوانین کیلئے مشہور سعودی عرب کی جانب سے مملکت میں کاروباری سرگرمیوں اور سیاحت کے فروغ کیلئے بیشتر سخت قوانین اور پالیسیوں کو نرم کیا گیا ہے، جس کے بعد یہ مقابلہ اب مزید سخت ہو گیا ہے۔ مزید بتایا گیا ہےکہ امریکی کمپنپ وائن ریزارٹس اور راس الخیمہ کے درمیان رواں سال جنوری میں ہی لگژری ریزورٹ کی تعمیر کے حوالے سے معاملات طے پائے تھے، تاہم کسینو کی تعمیر کے حوالے سے کوئی واضح اعلان نہیں کیا گیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق راس الخیمہ میں کسینو کے قیام کے بعد بحث چھڑ گئی ہے کہ کیا متحدہ عرب امارات کے دیگر علاقوں خاص کر دبئی میں بھی کسینو تعمیر ہو گا؟۔

رأس الخيمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں