برطانیہ نے ویزہ فیسوں میں اچانک اضافہ کردیا

نئی فیسوں کا اطلاق وزٹ اور اسٹوڈنٹس ویزہ پر بھی ہوگا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 16 جولائی 2023 13:10

برطانیہ نے ویزہ فیسوں میں اچانک اضافہ کردیا
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 جولائی2023ء) برطانوی وزیر اعظم رشی سونک نے ویزہ فیسوں میں اچانک 20 فیصد اضافہ کردیا۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق برطانوی وزیر اعظم رشی سونک کا کہنا ہے کہ فیسوں کا اطلاق وزٹ ویزہ، ورک پرمٹ اور سٹوڈنٹس ویزہ سمیت تمام اقسام کے ویزوں پرہوگا۔ بتایا گیا ہے کہ انہوں نے امیگرینٹس کیلئے ہیلتھ سرچارج میں بھی اضافے کا اعلان کیا جب کہ ہیلتھ سرچارج کی رقم 624 پاؤنڈ سے بڑھا کر 1 ہزار 35 پاؤنڈز سالانہ کردی گئی ہے، تاہم طلبا اور بچوں کیلئے رعایتی ہیلتھ سرچارج 776 پاؤنڈز سالانہ ہوں گے، ویزہ فیس سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کیلئے استعمال ہوگی۔

اسی طرح برطانیہ نے خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے ممالک اور اردن کے شہریوں کے لیے ویزے میں بڑی تبدیلیوں کا اعلان کر دیا، جس سے ان کے لیے یہاں کا سفر آسان اور سستا ہو جائے گا، برطانیہ کی نئی الیکٹرانک سفری مجاز سکیم (ای ٹی اے) کے تحت جی سی سی ممالک اور اردن کے شہریوں کو ای ٹی اے کی درخواست دینے کے لیے صرف 10 پاؤنڈ ادا کرنا ہوں گے، اس طرح انہیں 2 سال میں کثیر داخلے کا ویزا حاصل ہوجائے گا، برطانیہ کا سفر کرنے کے خواہشمند افراد ایک آسان عمل کے ذریعے ای ٹی اے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں اور اس کو موبائل فون ایپلی کیشن کے ذریعے مکمل کیا جاسکتا ہے، درخواست دینے والے افراد کو شخصی کوائف نامے اور بائیو میٹرک تفصیل جیسے ڈیجیٹل تصویر فراہم کرنے کے علاوہ سفر سے متعلق بعض سوالات کے جوابات دینا ہوں گے۔

(جاری ہے)

برطانیہ کے محکمہ داخلہ کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ای ٹی اے ان مسافروں کو ڈیجیٹل اجازت دیتی ہے جو برطانیہ میں آتے یا راہداری سفر کرتے ہیں، انہیں مختصر قیام کے لیے ویزے کی ضرورت نہیں یا جن کے پاس فی الحال برطانیہ کا دوسرا ویزا نہیں، جی سی سی ممالک اور اردن کے شہری اس سکیم سے سب سے پہلے مستفید ہوں گے، برطانوی حکومت اکتوبر 2023 میں قطری شہریوں اور فروری 2024 میں جی سی سی کے باقی ممالک اور اردن کے لیے نیا نظام نافذ کرے گی۔

متعلقہ عنوان :

لندن میں شائع ہونے والی مزید خبریں