پاکستانی ہائی کمشنر برائے برطانیہ معظم احمد خان نے شاہ چارلس سوئم کو اپنی سفارتی اسناد پیش کر دیں

Athar Abbasi اطہر عباسی جمعرات 20 اکتوبر 2022 23:22

پاکستانی ہائی کمشنر برائے برطانیہ معظم احمد خان نے شاہ چارلس سوئم کو اپنی سفارتی اسناد پیش کر دیں
لندن(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20اکتوبر۔2022ء) برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر معظم احمد خان نے آج بکنگھم پیلس میں منعقدہ ایک باضابطہ تقریب میں شاہ چارلس سوئم کو اپنی سفارتی اسناد پیش کیں۔ ہائی کمشنر اور ان کی اہلیہ لینا سلیم معظم پاکستانی ہائی کمیشن لندن سے وائس مارشل آف ڈپلومیٹک کور کی معیت میں سرکاری بگھی میں بکنگھم پیلس گئے ۔

بکنگھم پیلس میں ہائی کمشنر نے شاہ چارلس کو اپنی سفارتی اسناد پیش کیں۔ ہائی کمشنر نے صدر اور وزیر اعظم کی جانب سے کنگ چارلس کو مبارکباد اور نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ معظم احمد خان نے کہا کہ پاکستان کے عوام شاہ چارلس سوئم کا بے حد احترام کرتے ہیں۔ ہائی کمشنر نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کام جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)


 شاہ چارلس سوئم نے ہائی کمشنر اور ان کی اہلیہ کا بکنگھم پیلس میں استقبال کیا۔ پاکستان کی قیادت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے حالیہ سیلاب کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان پر دکھ کا اظہار کیا اور اس مشکل وقت میں پاکستانی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اعادہ کیا۔ پاکستان کے ہائی کمشنر معظم احمد خان کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ پہلے ہائی کمشنر ہیں جنہوں نے بادشاہ کو اپنی اسناد پیش کیں۔

لندن میں شائع ہونے والی مزید خبریں