عمران خان سے صلح ہو گی تو ملک آگے بڑھے گا، مونس الہی

شہباز شریف کو موقع ملا لیکن وہ ڈلیور کرنے میں ناکام رہے، اسحاق ڈار نے ملکی معیشت کو بڑا نقصان پہنچایا، مونس الہی کی گفتگو

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری پیر 28 اگست 2023 01:03

عمران خان سے صلح ہو گی تو ملک آگے بڑھے گا، مونس الہی
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 27 اگست2023ء) سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی رہنما مونس الہی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے صلح ہو گی تو ملک آگے بڑھے گا۔ نجی ٹی وی چینل اے آر وائے نیوز کے مطابق لندن میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے مونس الہی نے کہا کہ ملکی معیشت ایک جگہ پر رک چکی ہے، اسے آگے بڑھانا ہے تو چیئرمین پی ٹی آئی سے صلح کرنا ہو گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف کو موقع ملا لیکن وہ ڈلیور کرنے میں ناکام رہے۔ مونس الہی نے کہا کہ شہباز شریف اور اسحاق ڈار نے اپنے مقاصد تو پورے کیے، لیکن معیشت کو بڑا نقصان پہنچایا۔ ان کی وجہ سے آج عوام بڑی مشکل سے گزارا کر رہے ہیں۔ مونس الہی نے ملک میں انتخابات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن تاخیر کا شکار ہوئے تو ملکی معیشت کو مزید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بجلی کے بلوں میں اضافے اور روز بہ روز بڑھتی ہوئی مہنگائی کے حوالے سے بھی گفتگو کی، مونس الہی نے کہا کہ مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں مہنگائی اور بجلی کی اووربلنگ کی وجہ سے احتجاج جاری ہیں۔ مختلف شہروں میں بجلی کے بلوں کے خلاف لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاجاً بل جلائے۔ اسلام آباد، پشاور اور ملتان کی بجلی کمپنیوں نے مظاہرین کے ڈر سے پولیس بھی بلالی اور متعلقہ حکام کو خط لکھ کر تحفظ کا مطالبہ کردیا۔

جماعت اسلامی نے بھی 2 ستمبر کو ملک گیر پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ ادھر گزشتہ اتحادی حکومت کا حصہ رہنے والی ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعتوں میں سے ایک پیپلزپارٹی نے بھی اپنے کارکنان کو بجلی کے حوالے سے ہو رہے ملک گیر احتجاج کا حصہ بنے کی ہدایت کر دی ہے۔

لندن میں شائع ہونے والی مزید خبریں