پی پی رہنما شاہان حاکمین کے قاتل کو گرفتار کر لیا گیا

ملزم شاہان حاکمین کا بھتیجا ہے ، ملزم سے آلہ قتل برآمد کر لیا گیا ہے۔پولیس کا بیان

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 8 جولائی 2021 12:32

پی پی رہنما شاہان حاکمین کے قاتل کو گرفتار کر لیا گیا
اٹک (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 8جولائی2021) سابق ایم پی اے ملک شاہان حاکمین کے قتل کے  ملزم شیر دل کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز پیپلز پارٹی اٹک کے رہنما اور سابق ایم پی اے ملک شاہان فائرنگ سے زخمی ہونے کے بعد راولپنڈی منتقلی کے دوران راستے میں دم توڑ گئے تھے، ان پر جنازے سے واپسی پر فائرنگ کی گئی۔پولیس حکام کے مطابق ملک شاہان حاکمین کو سر میں گولی لگی تھی، انہیں شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا ۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق ملک شاہان کو اٹک میں ابتدائی طبی امداد کی فراہمی کے بعد راولپنڈی منتقل کیا جارہا تھا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق شاہان حاکمین راولپنڈی منتقلی کے دوران راستے میں دم توڑ گئے۔ملک شاہان حاکمین قریبی عزیز کے جنازے میں شریک تھے جہاں آبائی گاؤں میں شیں باغ میں مبینہ طور پر ان کے سوتیلے بھائی ملک محمد آصف کے 19 سالہ بیٹے ملک شیر دل حاکمین نے سر پر گولی مار کر شدید زخمی کر دیا اور فرار ہو گیا ۔

(جاری ہے)

تاہم اب شاہان حاکمین کے قتل کے ملزم شیر دل کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق ملزم سابق ایم پی اے کا بھتیجا ہے ، ملزم سے آلہ قتل برآمد کر لیا گیا ہے۔ڈی پی او خالد ہمدانی کے مطابق ملزم کے خلاف مقتول کی والدہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔واضح رہے کہ ملک شاہان حاکمین پیپلز پارٹی کے رہنما ملک حاکمین کے صاحبزادے تھے۔سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینزکے صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مرحوم ملک حاکمین خان کے صاحبزادے اور سابق رکن پنجاب اسمبلی ملک شاہان شہید کے وحشیانہ قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے وفاقی اور پنجاب حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ شہید ملک شاہان کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لا کر سخت سزا دلائیں۔

اپنے الگ الگ پیغامات میں سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ انہیں ملک شاہان شہید کے وحشیانہ قتل کا سن کر سخت صدمہ ہوا ہے۔ پارٹی قیادت اور کارکن ملک شاہان کے خاندان کے ساتھ سوگوار ہیں۔ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک شاہان شہید اپنے والد ملک حاکمین خان کی طرح پارٹی کا اثاثہ تھے۔ انہوںنے کہا کہ ملک شاہان شہید کے قاتلوں کو کسی صورت میں معاف نہیں کیا جائے گا۔ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے سوگوار خاندان کے ساتھ دلی ہمدردی اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ملک شاہان شہید کے بلند درجات کی دعا کی ہے

اٹک میں شائع ہونے والی مزید خبریں