اٹک: قوت گویائی و سماعت سے محروم بچوں کا پیپلز کالونی میں قائم مڈل سکول اب تک ہائی کا درجہ نہ پا سکا

جمعہ 11 ستمبر 2020 21:26

اٹک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 ستمبر2020ء) ضلع اٹک میں قوت گویائی و سماعت سے محروم بچوں کا پیپلز کالونی میں قائم مڈل سکول اب تک ہائی کا درجہ نہ پا سکا ، خصوصی بچوں کے ضلع بھر میں 10 سنٹرز میں 1500 کے قریب بچے زیر تعلیم ہیں ، ان بچوں کیلئے تعلیمی سہولتیں مہیا کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ، حکومت پنجاب ، وزیر اعلیٰ پنجاب اور سیکرٹری خصوصی ایجوکیشن فوری طور پر اس سکول کو ہائی کا درجہ دیں ان خیالات کا اظہار چیئرمین سکول منیجمنٹ کونسل حافظ عبدالحمید خان اور دیگر ممبران نے کونسل کے اجلاس میں متفقہ قرارداد پیش کرتے ہوئے کیا اجلاس کی صدارت چیئرمین کونسل حافظ عبدالحمید خان نے کی جبکہ کرونا وائرس سے بچاؤ کی تدابیر اختیار کرنے اور سازوسامان کی تجاویز پر روشنی پرنسپل میڈم نجمہ شاہین نے پیش کیں اجلاس میں جاوید کشمیری ، میڈم عذرا بی بی، میڈم حرا قیوم سمیت ممبران شریک ہوئے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ان بچوں کو مکمل ایس او پیز کے تحت سکول لایا جائے گا 2 بسوں میں 30 بچوں کی بجائے پندرہ پندرہ بچے لائے جائیں گے جبکہ ماسک، ہینڈ سینیٹائزر کا استعمال بھی کرائیں گے اجلاس میں یہ سازوسامان خریدنے کے لئے مخیر حضرات کو سکول وزٹ کرانے کا بھی فیصلہ ہوا اجلاس میں سکول کونسل کی کاوشوں اور سکول بہتری اور بچوں کی فلاح و بہبود کے لئے میڈم نجمہ شاہین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے پورے سٹاف کی تعریف کی گئی چیئرمین سکول کونسل حافظ عبدالحمید خان اور دیگر ممبران نے فی الفور اس مڈل سکول کو ہائی کا درجہ دینے کا پرزور مطالبہ کیا آخر میں ملک سلامتی و استحکام کے لئے دعا کرائی گئی ۔

اٹک میں شائع ہونے والی مزید خبریں