اٹک میں 200رینجرز اہلکار تعینات ، ضلع بھر میں پولیس کے ہمراہ ٹارگٹڈ کارروائیاں کی جائیں گی

ڈی پی او کی زیر نگرانی اٹک ٹاسک فورس کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے، سیکٹر کمانڈرپاکستان رینجرز بریگیڈیئر حماد ارشد کا دربار سے خطاب

جمعرات 23 فروری 2017 18:18

اٹک چھچھ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 فروری2017ء) سیکٹر کمانڈرپاکستان رینجرز بریگیڈیئر حماد ارشد نے کہا ہے کہ دہشت گردی کا قلع قمع کرنے کیلئے رینجرز اور اٹک پولیس باہمی تعاون کے ساتھ کام کریں گی جبکہ اس حوالہ سے ڈی پی او کی زیر نگرانی اٹک ٹاسک فورس کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے ، پاکستان بھر میں دہشت گردی کاخاتمہ کرنے کیلئے آپریشن ردالفساد شروع کیا گیا ہے جس کے تحت سرچ آپریشن اور ٹارگٹڈ آپریشن کئے جائیں گے اس مقصد کیلئے ضلع اٹک میں 200 رینجر ز اہلکار تعینات کئے گئے ہیں جو آپریشن کے دوران اٹک پولیس کی معاونت کریں گے، وہ جمعرات کو ڈسٹرکٹ پولیس اٹک اور پاکستان رینجرز کے مشترکہ دربار سے پولیس لائن اٹک میں خطاب کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈی پی او اٹک زاہد نواز مروت اور ایس ڈی پی اوز بھی موجود تھے، بریگیڈیئر حماد ارشد نے مزید کہا کہ اٹک ٹاسک فورس کے قیام سے ضلع بھر میں دہشت گردوں کو نشانہ بنایا جائے گا اور ان کیلئے زمین تنگ کردی جائے گی تاکہ ضلع اٹک امن و آتشی کا گہوارہ بن جائے، انہوںنے کہا کہ دہشت گردی نے پاکستان کے امن کو بری طر ح متاثر کیا ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے تاکہ آنے والی نسلوں کو محفوظ پاکستان کی مضبوط بنیاد فراہم کی جاسکے جہاں وہ امن و سکون سے زندگی گزار سکیں،انہوںنے کہا کہ ارض پاکستان ہم سے یہ تقاضا کرتی ہے کہ ہم اس کو درپیش دہشت گردی کے اس ناسور کو اب بالکل ختم کردیں، چھچھ نیوز نیٹ ورک کی رپورٹ کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفس اٹک میں امن و امان کے حوالے سے ایک اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں سیکٹر کمانڈر پاکستان رینجرز بریگیڈیئر حماد ارشد ،ڈی سی اٹک رانا اکبر حیات اور ڈی پی او اٹک زاہد نواز مروت سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی، اس موقع پر امن و امان کے حوالے سے ڈی پی او اٹک نے تفصیلی بریفنگ دی۔

متعلقہ عنوان :

اٹک میں شائع ہونے والی مزید خبریں