ظلم وناانصافیوں کا خاتمہ اور مہنگائی بیروزگاری سمیت تمام مسائل کاواحد حل سیرت النبیﷺ پر عمل میں پنہاں ہے، حسین محنتی

پیر 10 دسمبر 2018 23:25

بدین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2018ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیروسابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ ظلم وناانصافیوں کا خاتمہ اور مہنگائی بیروزگاری سمیت تمام مسائل کاواحد حل سیرت النبیﷺ پر عمل میں پنہاں ہے، عشق مصطفیﷺ کا تقاضہ ہے کہ نظام مصطفیﷺ کی جدوجہد کو تیز کیا جائے، جماعت اسلامی اقامت دین کی تحریک ہے جو کہ انبیا کرام کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے اللہ کی دھرتی پر اللہ کے نظام کے نفاذ کیلئے جدوجہد میں مصروف عمل ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تلہار میں جلسہ سیرت النبیؓ اور بدین میں ضلعی مجلس شوری کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر ضلعی امیر مولانا غلام رسول احمدانی، سابق ضلعی امرا سید داد شاہ گیلانی، سید علی احمد شاہ، محمد حسن بلیدی اورصوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا سمیت دیگر مقامی ذمہ داران بھی ساتھ موجود تھے۔

(جاری ہے)

محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ نیک لوگوں کی خاموشی اور لاتعلقی کی وجہ سے بدی کی قوتیں اپنے مذموم مقاصد میں مصروف عمل ہیں،منکرات ایک ایسی بیماری اور وبا ہے جو معاشرے میں بڑی تیزی کے ساتھ پھیلتے ہیں، پھران لوگوں کو قیامت کے دن ندامت وشرمساری کے سوا کچھ ہاتھ نہیں آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ حقیقی کامیابی قرآن و سنت سے عملی وابستگی میں پنہاں ہے، آخرت کی جوابدہی انسانوں کو بلند مقام پر پہنچادیتی ہے، مال ودولت، پیسہ نصیب جبکہ دین محنت سے ملتا ہے، دینداری ،پرہیز گاری اور اللہ کی مخلوق سے محبت انسان کی آخرت کی منزل کو آسان بنادیتے ہیں، دین کے بغیر پاکستان ترقی نہیں کرسکتا، قیام پاکستان کا مقصد بھی مملکت خداداد پاکستان میں دین اسلام کو نافذ کرنا تھا اسلئے اسلام وپاکستان ایک دوسرے کے لیے لازم وملزوم ہیں۔

انہوں نے ذمہ داران پر زور دیا کہ وہ جماعت اسلامی کی دعوت وپیغام کو عام کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور جماعت اسلامی کو سندھ میں ایک بھرپور عوامی طاقت میں تبدیل کردیں تاکہ سندھ کے عوام کے مسائل سے نجات دلائی جاسکے۔دریں اثنا ضلعی امیرمولانا غلام رسول احمدانی نے ضلعی مجلس شوری کے مشورے سے سیددادشاہ، اللہ بچایو ہالیپوتہ،محمد موسی ملاح اورعبدالکریم بلیدی کو ضلعی نائب امیر،سیدعلی مردان شاہ گیلانی جنرل سیکریٹری،جبکہ جواد سعید اورمحمد عظیم کو ڈپٹی جنرل سیکرٹری ،محمد علی بلیدی کو سکیریٹری اطلاعات ،عبدللطیف کو خزانچی مقررکرنے کا اعلان کیا۔

بدین میں شائع ہونے والی مزید خبریں