بہاولنگر میںچھاپے کے دوران خواتین پر تشدد، تحقیقات کیلئے جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم تشکیل

تھانے پر حملے اور پولیس اہلکاروں پر تشدد کی تحقیقات کے لیے جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم بنا دی گئی

جمعہ 12 اپریل 2024 14:55

بہاولنگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اپریل2024ء) بہاولنگر میں اختیارات کے غلط استعمال اور فرائض میں غفلت پر ایس ایچ او سمیت 3 پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔تھانے پر حملے اور پولیس اہلکاروں پر تشدد کی تحقیقات کے لیے جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم بنا دی گئی ہے۔تھانہ مدرسہ میں درج ایف آئی آر کے مطابق ایس ایچ او رضوان عباس اور پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ دو روز قبل پولیس پارٹی نے مطلوب ملزم کی گرفتاری کے لیے ایک گھر میں چھاپہ مارا تھا، جس کے دوران اہلِ خانہ سمیت متعدد افراد نے پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنا کر تشدد کا نشانہ بنایا تھا، پولیس نے خواتین سمیت 23 افراد کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا تھا۔ دوسری جانب سوشل میڈیا پر چلنے والی ویڈیوز کے مطابق گزشتہ روز کچھ لوگوں نے تھانے میں ایس ایچ او سمیت 4 پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے مطابق زخمی پولیس اہلکار ڈسٹرکٹ ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں کسی متاثرہ اہل کار کی جانب سے کوئی مقدمہ درج نہیں کرایا گیا۔انہوں نے کہا کہ معاملہ حل ہو چکا ہے، واقعے کے تحقیقات کے لیے جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم بنا دی گئی ہے۔

بہاولنگر میں شائع ہونے والی مزید خبریں