مون سون کی شدیدبارشوں سے پنجاب میں سیلاب کاخطرہ،سیکرٹری محکمہ انہارکو فوری اقدامات اُٹھانے کی ہدایت جاری

بدھ 7 جون 2023 18:24

مون سون کی شدیدبارشوں سے پنجاب میں سیلاب کاخطرہ،سیکرٹری محکمہ انہارکو فوری اقدامات اُٹھانے کی ہدایت جاری
بہاول پور 07 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جون2023ء) حکومت پنجاب کی جانب سے سیکرٹری محکمہ انہارپنجاب کو جاری کردہ مراسلے میں بتایاگیاہے کہ ماضی میں بھی پنجاب میں سیلاب آنے کاسبب مون سون کی بارشیں بنی ہیں جوزیادہ ترجولائی سے ستمبرتک کے درمیان آتے ہیں جس میں ایک طرف بارشوں کی وجہ ہوتی ہے تو دوسری طرف شدید گرمی سے برف کاپگھلنابھی اس کاسبب بنتاہے۔

اس صورتحال کے پیش نظرحکومت پنجاب نے ایک خفیہ صوبائی ایجنسی کے زریعے پنجاب کے 400سیلاب کوروکنے والے پختہ بندھوں کاسروے کروایاجس میں سے 250پختہ بندھوں کی حالت ناقص پائی گئی جن کوفوری مرمت کرنے کاکہاگیا اس سروے رپورٹ کو 15مئی 2023ء کو متعلقہ تمام اتھارٹیزکوبھجوایاگیا اورہدایت کی گئی تھی کہ فوری اقدامات اُٹھائے جائیں لیکن اب دوبارہ جب ان 250بندھوں کامشاہدہ کیاگیا تو یہ بات سامنے آئی کہ اب تک 250میں سے صرف 9پختہ بندھوں کی مرمت کی گئی ہے جوکہ انتہائی تشویشناک عمل ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق لاہورکے 4ناقص بندھوں میں سے کسی بندھ کی مرمت نہیں کی گئی، شیخوپورہ کے 20بندھوں میں سے کسی کی مرمت نہیں کی گئی، گجرانوالہ کے 61ناقص بندھوں میں سے صرف چار کی مرمت کی گئی ہے۔ راولپنڈی کے 6ناقص بندھوں میں سے صرف ایک ہی مرمت کیاگیا جبکہ فیصل آبادکے 13،سرگودھاکے 13،ساہیوال کے 19،ملتان کے 24،ڈی جی خان کے 66 اوربہاولپورکے 24بندھوں میں سے کسی بھی بندھ پرابھی تک مرمت کاکام شروع نہیں کیاگیا لہٰذا سختی سے ہدایت کی جاتی ہے کہ سروے رپورٹ میں نشاندہی کئے گئے 250 ناقص پختہ بندھوں کی مرمت کاکام فوری طورپرمکمل کیاجائے تاکہ آنے والے ممکنہ سیلاب کے نقصان سے بچاجاسکے۔378

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں