پختونخوا حکومت نیسرکاری سکولوں میں پرائمری اور سکینڈری تعلیم مفت کر دی، والدین بچوں کو داخل کروائیں،ڈپٹی کمشنر بٹگرام

جمعرات 12 اپریل 2018 15:14

بٹگرام۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اپریل2018ء) ڈپٹی کمشنر بٹگرام فرل ثقلین نے کہا ہے کہ والدین تعلیم سے محروم بچوں کے ہر صورت سرکاری سکولوں میں داخل کروائیں، صوبائی حکومت کی تعلیمی مراعات سے فائدہ اٹھا کر بچوں کا مستقبل محفوظ بنایا جائے، خیبر پختونخوا حکومت نے صوبہ بھر کے سرکاری سکولوں میں پرائمری اور سکینڈری تعلیم مفت کر دی ہے اس لئے غریب والدین کے پاس اپنے بچوں کو سکول نہ بھجوانے کا کوئی جواز موجود نہیں ہے۔

وہ بدھ کو گورنمنٹ سینیٹینیل ماڈل ہائی سکول بٹگرام میں بچوں کے سکولوں میں داخلہ کیلئے شروع کی گئی انرولمنٹ مہم کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر موجود بعض بچوں کا نام رجسٹر میں درج کر کے ان کا سکول میں باقاعدہ داخلہ بھی کیا۔

(جاری ہے)

ضلعی محکمہ تعلیم کے زیراہتمام تقریب میں تحصیل ناظم بٹگرام، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر، سب ڈویژنل افسران، اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران، سرکاری سکولوں کے سربراہان، والدین اور عمائدین شہر کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر فرل ثقلین نے اپنے خطاب میں کہا کہ صوبائی حکومت نے تعلیم کے شعبہ میں اصلاحات کے ذریعہ ’’تعلیم سب کیلئے‘‘ کے خواب کو حقیقت کا روپ دیا ہے اور بچوں کو معیاری تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کیلئے درکار تمام وسائل فراہم کئے ہیں، اس لئے والدین کا فرض بنتا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو سرکاری سکولوں میں داخل کرا کے بچوں کو تعلیم دینے کا مذہبی فریضہ پورا کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مفت تعلیم کیلئے وسائل فراہم کر دیئے ہیں اس لئے بچوں کی تعلیم کو بوجھ نہیں سمجھنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم سے ہی ہماری نسلیں بہتر شہری بن سکیں گی۔

متعلقہ عنوان :

بٹگرام میں شائع ہونے والی مزید خبریں