ضلعی انتظامیہ کی عمدہ حکمت عملی کی بدولت بھکر میں مختلف اشیائے خوردونوش کے نرخوں میں کمی

ہفتہ 6 اپریل 2024 18:02

بھکر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اپریل2024ء) ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی عمدہ حکمت عملی کی بدولت مختلف اشیائے خوردونوش کے نرخوں میں کمی واقع ہوئی ہے جن میں آلو،پیاز،ٹماٹر،آٹا،چینی اور چاول شامل ہیں جبکہ دیگر اشیائے ضروریہ کے نرخوں میں بھی استحکام دیکھنے کو ملا ہے، اس ضمن میں ضلعی انجمن تاجران کا تعاون بھی کلیدی حیثیت کا حامل ہے، انجمن تاجران مصنوعی مہنگائی کے خاتمہ کیلئے ضلعی انتظامیہ کیساتھ معاونت جاری رکھے۔

ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے انجمن تاجران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جنرل سیکریٹری انجمن تاجران ملک عاشق حسین کھوکھر بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے کہاکہ عید الفطر کی آمد آمد ہے عوام الناس کو اشیائے خوردونوش کی سستے داموں فراہمی یقینی بنانا میری اولین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس بھی مارکیٹوں میں موجود ہیں اور گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف روزانہ بنیاد وں پر کاررائیوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ سرکاری نرخ ناموں پر سو فیصد عملدرآمد یقینی بنائیں گے اور عوام الناس کو مارکیٹ ریلیف کی فراہمی ہر صورت ممکن بنانے کیلئے مزید اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے کہاکہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو سختی سے احکامات جاری کئے گئے ہیں کہ گراں فروشی اور مصنوعی مہنگائی کرنیوالوں کے خلاف بلاامتیاز ایکشن لیں اور غیر معاون عناصر کے ساتھ زیرو ٹالرینسی پالیسی اختیار کی جائے اور ایسے دوکانداروں پر فوری ایف آئی آرز کی جائیں،بعد ازاں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے پولٹری ایسوسی ایشن کے وفد سے بھی ملاقات کی اس موقع پر چکن کے نرخوں میں کمی کیلئے خصوصی لائحہ عمل تیار کیا گیا ۔

بھکر میں شائع ہونے والی مزید خبریں