اقتدار عوام کی امانت ،اللہ کی رضا کی خاطر ریاست بھر میں عوام کی خدمت کرنا میرا نصب العین ہے،چوہدری انوارالحق

جملہ سرکاری افسران و ملازمین اپناقبلہ درست کرکے خطہ آزادکشمیر کومثالی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں،وزیراعظم آزادکشمیر

اتوار 2 جولائی 2023 18:05

بھمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2023ء) وزیراعظم آزادکشمیرچوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ اقتدار عوام کی امانت ہے،اللہ کی رضا کی خاطر ریاست بھر میں عوام کی خدمت کرنا میرا نصب العین ہے،جملہ سرکاری افسران و ملازمین اپناقبلہ درست کرکے خطہ آزادکشمیر کومثالی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔صحت کے شعبہ میں انقلاب لانے سے غریب امیراورمتوسط طبقے سمیت ہرسطح پرمریض کی خدمت ہوگی،انقلابی اقدامات کاآغازضلع بھمبرسے کررہاہوں،ضلع بھمبر کو ہر لحاظ سے ماڈل ضلع دیکھناچاہتا ہوں،ضلع کی تینوں تحصیلوں میں ہیلتھ یونٹس کو بہتر کرکے مربوط پالیسی اپنا کر دکھی انسانیت کی خدمت کی جاسکتی ہے۔

گذشتہ روز وزیراعظم آزادکشمیرچوہدری انوارالحق نے سینئروزیر/وزیرخزانہ کرنل ریٹائرڈ وقاراحمد نور کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس کے سرپرائز وزٹ کے دوران ہیلتھ سٹرکچر،سہولیات وسائل ،ادویات، پراگریس و دیگرجملہ امور کاتفصیلی جائزہ لیا،بنیادی مراکزصحت،فسٹ ایڈ پوسٹ ،رورل ہیلتھ سنٹرز کی تعداد ،عملے کی حاضری، ادویات و مشینیری کے علاوہ بالخصوص سٹاف کی حاضری کے حوالے سے استفسار کیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم آزادکشمیرچوہدری انوارالحق نے کہاکہ تمام ہیلتھ یونٹس پرعملہ اپنے تفویض کردہ فرائض سرانجام دے،ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ میں بہتری کے لئے سخت فیصلے لینے پڑیں گے جس کی زد میں اعلی حکام بھی آسکتے ہیں،ڈاکٹرز،پیرامیڈیکل سٹاف کی ہسپتالوں میں24 گھنٹے دستیابی یقینی بنائیں،ہسپتالوں میں آن کال سسٹم ختم کررہاہوں، ڈی ایچ او بھمبرڈاکٹرنعیم الزمان نے ڈپٹی کمشنرمرزاارشدمحمود و دیگر افسران کے ہمراہ بریفنگ میں بتایاکہ تینوں تحصیلوں اور ایل او سی کے پاس بھی عوام کو بنیادی صحت کی سہولیات فراہم کررہے ہیں،وزیراعظم کے حالیہ اقدامات کی بدولت حاضری کا نظام بہتر ہواہے،اسکے علاوہ ایسے 27 ہیلتھ سٹاف کو معطل کیا گیا جنہوں نے حاضری و محکمانہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی۔

وزیراعظم آزادکشمیرچوہدری انوارالحق نے بغور بریفنگ سنی اور تمام ترتجاویز کو نوٹ کیا اسکے علاوہ انہوں نے خود ضلع بھمبر کو جغرافیائی و زمینی حقائق کے پیش نظرآبادی کے تناسب سے پلان آف ایکشن مرتب کیا،جسکی تائید سینئروزیرکرنل ریٹائرڈوقاراحمدنور نے بھی کی،وزیراعظم نے کہاکہ حالیہ مون سون بارشوں میں وبائی امراض ہیضہ،گیسٹرو و دیگر موذی امراض کے خاتمہ کے لئے موثرعملی حکمت عملی اپنائیں۔اجلاس کے دوران ایس ایس پی راجہ محمد اکمل خان،ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرمحمدنصیرخان،سی ڈی سی انچارج محمدظفر،ڈی آئی او عدنان مختار بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

بھمبر میں شائع ہونے والی مزید خبریں