چاغی، مسلح ڈاکوؤں کی فائرنگ سے غیر قانونی طور پر ایران جانے کی کوشش کرنے والے دو افراد جاں بحق،چار شدید زخمی

منگل 15 اکتوبر 2019 17:58

چاغی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2019ء) چاغی کے نواحی علاقے میں مسلح ڈاکوؤں کی فائرنگ سے غیر قانونی طور پر ایران جانے کی کوشش کرنے والے دو افراد جاں بحق اور چار شدید زخمی ہوگئے۔ لیویز ذرائع کے مطابق جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کا تعلق پنجاب اور کراچی ہی. واقعے کے بعد موقع پر پہنچنے والے اسسٹنٹ کمشنر دالبندین حبیب نصیر نے "اے پی پی" کو بتایا کہ یہ واقعہ ویران علاقے میں پیش آیا جہاں ڈاکوؤں نے ایک پک اپ کو لوٹنے کی کوشش کی اس دوران فائرنگ سے دو افراد موقع پر جاں بحق ہوئے جبکہ چار افراد شدید زخمی ہوگئے، ان کے مطابق فائرنگ کے بعد متاثرہ پک اپ میں آگ بھڑک اٹھی جس کے سبب لاشیں جل گئیں تاہم زخمیوں کو ایف سی اسپتال دالبندین منتقل کرکے طبی امداد دی گئی۔

(جاری ہے)

لیویز ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت گوجرانوالہ کے رہائشی عالیشان ولد عبدالمجید اور عبداللہ ولد ارشد کے ناموں سے ہوئی جبکہ زخمیوں کی شناخت محمد رمضان ولد سلطان سکنہ کراچی، ارسلان ولد لعل خان، دلاور ولد مختیار اور عدنان ولد اسلم شہزاد ساکنان منڈی بہاؤ الدین کے ناموں سے ہوئی. ذرائع کے مطابق مذکورہ افراد بہتر روزگار کی تلاش میں غیر قانونی طور پر ایران جانا چاہتے تھے کہ راستے میں ڈاکوؤں کا نشانہ بن گئی. واقعے کے بعد مبینہ ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تاہم لیویز حکام نے واقعے کی رپورٹ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔

چاغی میں شائع ہونے والی مزید خبریں