ساہیوال میں سمال انڈسٹرئیل اسٹیٹ II کے قیام کے لئے جگہ کا انتخاب کر لیا گیا

جمعہ 30 اپریل 2021 15:02

چیچہ وطنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2021ء) ساہیوال میں سمال انڈسٹرئیل اسٹیٹ II کے قیام کے لئے جگہ کا انتخاب کر لیا گیا جہاں صنعتوں کے قیام کے لئے 7 سو ایکٹر زمین ایکوائر کی جائے گی ،جگہ کا انتخاب ایک خصوصی کمیٹی نے کیا جس کی سربراہی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس احمد خاورشہزاد نے کی۔ نئی انڈسٹرئیل اسٹیٹ بونگہ حیات روڈ پر چک نمبر 85/9L میں قائم کی جائے گی -تفصیلات کے مطابق ساہیوال میں صنعتوں کے فروغ کے لئے سمال انڈسٹرئیل اسٹیٹ II کے قیام کا معاملہ مناسب جگہ کا انتخاب نہ ہونے کے سبب عرصہ دراز سے کھٹائی میں پڑا ہوا تھا اور سینکڑوں صنعت کاروں کی درخواستیں زیر التواتھیں۔

معاملے کی سنگینی کے پیش نظر کمشنر نادر چٹھہ نے ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس احمد خاور شہزاد کی سربراہی میں ساہیوال چیمبر اور سمال انڈسٹرئیل اسٹیٹ کے نمائندوں پر مشتمل خصوصی کمیٹی تشکیل دی تا کہ جگہ کا جلد انتخاب ممکن بنایا جا سکے ۔

(جاری ہے)

  کمیٹی نے صنعت کاروں کی طرف سے 3 ممکنہ سائٹس کا تفصیلی جائزہ لیا جس میں بونگہ حیات روڈ پر چک نمبر 85/9L، مڈھالی روڈ پر موضع بھوانی اور ساہیوال کول پاور پلانٹ سے متصل جگہ شامل تھیں۔

کمیٹی نے میپکو اور سوئی نادرن گیس کے نمائندوں کو بھی انتخاب میں شامل کیا تاکہ انڈسٹرئیل اسٹیٹ کو بجلی اور گیس کی فوری فراہمی ممکن ہو سکے ۔ تفصیلی سروے اور بنیادی سہولیات کی دستیابی کے پیش نظر کمیٹی نے متفقہ طور پر بونگہ حیات روڈ پر چک نمبر 85/9L میں سمال انڈسٹرئیل اسٹیٹ کے قیام کی سفارش کی ہے جہاں نجی مالکان سے زمین ایکوائر کی جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :

چیچہ وطنی میں شائع ہونے والی مزید خبریں