کسانوں کی خوشحالی کیلئے پالیسیاں بنائی جائیں۔سرداراورنگزیب بیگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 22 فروری 2017 19:11

چونیاں(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔آئی پی اے۔22فروری2017ء): کسانوں کے ساتھ ہردور میں زیادتی ہوتی رہی ہے۔ کبھی زرعی اجناس کے نرخ کم تو کبھی پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کبھی شوگر مافیا کا راج تو کبھی کھادفروشوں کی لوٹ مار کبھی پانی کا بحران تو کبھی واپڈا کی ستم ظریفی۔ کسانوں کے بچے اب بھی تعلیم صحت اور تمام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ کھیت میں اپنے اہل و عیال کے ساتھ رات دن کام کرنے والے کسانوں کا کوئی پرسان حال نہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار ضلعی کسان اتحاد کے صدر سرداراورنگزیب بیگوکا نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ستر فیصد آبادی زراعت سے وابستہ ہے۔ کسانوں سے لوٹ مار کرنے والے پرسکون اور عیش و عشرت کی زندگی گزاررہے ہیں۔ جبکہ کسان وہاج کی رقم بیوپاریوں کو دینے کی پریشانی میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسان پیدا ہی محنت کے لئے ہوا ہے۔ بنیادی ضروریات ہمارے لئے خواب ہی بن چکی ہیں۔ حکومت بھی کسانوں کے ساتھ زیادتیاں کررہی ہے۔ حکومت کو بجلی کے بل، زرعی ٹیکس کم کرنے چاہئیں اجناس کے ریٹ بڑھانے ضروری ہیں۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ ایسی پالیسیاں بنائیں جس سے کسان خوشحال ہوسکے۔

چونیاں میں شائع ہونے والی مزید خبریں