چونیاں، شادی سے انکار پر نوجوان نے خاتون کو قتل کر ڈالا

واقعہ پنجاب کے ضلع قصور کی تحصیل چونیاں کے گاؤں برج رن سنگھ میں پیش آیا، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے،پولیس

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 12 اپریل 2024 13:04

چونیاں (اردو پوائنٹ  اخبار تازہ ترین-   12اپریل  2024ء) پنجاب کے علاقے چونیاں میں شادی سے انکار پر نوجوان نے خاتون کو قتل کر ڈالا، واقعہ پنجاب کے ضلع قصور کی تحصیل چونیاں کے گاؤں برج رن سنگھ میں پیش آیا۔پولیس کے مطابق ملزم نے فائرنگ کر کے خودکشی کی کوشش بھی کی ہے جسے تشویش ناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔چونیاں پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

دریں اثناء کراچی کے علاقے گلشن اقبال چورنگی میں ڈاکوؤں نے واردات کے دوران مزاحمت کرنے پر شہری کو قتل کر دیا اور لوٹ مار کر کے فرار ہوگئے۔شہر قائد میں عید پر بھی شہری ڈاکوؤں کے ہاتھوں غیر محفوظ ہیں۔گزشتہ چند ہفتوں سے شہر قائد میں ڈکیتی اور راہزنی کی درجنوں وارداتیں ہوئیں ہیں اور کئی شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں اسی طرح کا تازہ واقعے میں عید کے دوسرے روز گلشن اقبال چورنگی کے قریب فائرنگ سے 2 بچوں کا باپ جاں بحق ہوگیا۔

(جاری ہے)

پولیس حکام کے مطابق مقتول نجی بینک کی اے ٹی ایم سے رقم نکال کر باہر نکلا تو ڈاکوؤں نے مقتول سے رقم اور اس کے دوست سے موبائل فون چھین کر مزاحمت کرنے پر فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور فرار ہوگئے، مقتول کی کنپٹی پر ایک گولی لگی جو گردن سے باہر نکل گئی۔واقعے کے بعد ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کئے۔

اسی طرح ایک اور واقعہ میں گلشن اقبال تھانے کی حدود راشد منہاس روڈ گلشن چورنگی پر واقع سپر سٹور کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، جس کی نعش عباسی شہید ہسپتال لائی گئی جہاں اس کی شناخت 40 سالہ سید تراب حسین زیدی ولد سید نثار حسین زیدی کے نام سے کی گئی۔

چونیاں میں شائع ہونے والی مزید خبریں