دادو کا دورہ، مشکل وقت میں سیاسی پوائنٹ سکورنگ سے گریز کرنا چاہیے،وزیراعظم

سیلاب متاثرین کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے،انتظامیہ مشکل میں متاثرین کی مدد کر رہی ہے،متاثرین سے گفتگو

منگل 27 ستمبر 2022 16:52

دادو کا دورہ، مشکل وقت میں سیاسی پوائنٹ سکورنگ سے گریز کرنا چاہیے،وزیراعظم
دادو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2022ء) وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہاہے کہ مشکل وقت میں سیاسی پوائنٹ سکورنگ سے گریز کرنا چاہیے۔منگل کووزیراعظم میاں شہباز شریف نے سیلاب سے متاثرہ سندھ کے ضلع دادو میں ٹینٹ سٹی کا دورہ کیا اس موقع پر حکام کی جانب سے نقصانات اور امدادی سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعلی سندھ مراد علی بھی وزراعظم کے ہمراہ تھے۔

دورہ کے موقع پر وزیراعظم کو دوران بریفنگ بتایا گیا کہ ضلع دادو میں سیلاب سے 37 افراد جاں بحق ہوئے، 66 یونین کونسل سیلاب سے متاثر ہوئیں، فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ریلیف کیمپوں میں سیلاب متاثرین کو ہر ممکن سہولتیں دے رہے ہیں، متاثرین کے لئے ٹینٹ اور دیگر ضروری اشیاء کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

شہباز شریف نے میڈیکل کیمپ کا دورہ بھی کیا،جہاں ڈاکٹرز نے وزیراعظم کو طبی سہولتوں سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے سیلاب متاثرین سے گفتگو بھی کی اور ان کے مسائل سنے،اس موقع پر انہوں نے متاثرین کو ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرہ بچوں کے لئے قائم عارضی اسکول کا بھی دورہ کیا جہاں بچوں کیساتھ گھل مل گئے، انہوں نے بچوں سے سوالات بھی کیے۔انہوں نے کہاکہ سیلاب متاثرین کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے،انتظامیہ مشکل میں متاثرین کی مدد کر رہی ہے۔ مشکل وقت میں سیاسی پوائنٹ سکورنگ سے گریز کرنا چاہیے۔زیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ سکولوں میں سیلاب متاثرین کیلئے کیمپ لگائے گئے ہیں، خیموں کی کمی اب بھی ہے، سندھ حکومت متاثرین کو ریلیف فراہم کر رہی ہے۔

دادو میں شائع ہونے والی مزید خبریں