ڈیرہ غازی خان ، جعلی زرعی ادویات فروخت کرنے پر 19 افراد گرفتار

جمعرات 1 جون 2023 20:57

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2023ء) ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں جعلی و ملاوٹی کھاد اور زرعی ادویات تیار کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور ایک ماہ کے دوران 27 نمونے ناقص ثابت ہونے پر 42 مقدمات درج کرکے 19 افراد گرفتار کر لیا گیا ۔ترجمان محکمہ زراعت کے مطابق کارروائیوں کے دوران پانچ لاکھ دس ہزار سے زائد مالیت کی 7800 بوری کھاد ضبط کی گئی ۔

یکم سے 31 مئی تک یوریا کی سمگلنگ پر 18 گاڑیاں بند کرکے 3268 بوری ضبط اور 11 مقدمات درج کرکے 11 ڈیلرز گرفتار کئے گئے۔اس حوالے سے جمعرات کو مشاورتی اجلاس منعقد کیا گیا جس کی صدارت ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن کریم بخش نے کی ڈپٹی کمشنرز خالد پرویز ،ڈاکٹر محمد منصور،ڈی پی او حسن افضل،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ،کھاد،پیسٹی سائیڈ کمپنیوں کے نمائندے ،مثالی کاشتکار اور متعلقہ افسران شریک تھے ۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر زراعت مہر عابد حسین نے بریفنگ دی۔ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن کریم بخش نے کہا کہ زرعی ادویات کے نمونے ناقص ثابت ہونے پر 24 گھنٹے میں مقدمات درج اور کھاد کے نمونوں کا لیبارٹری ٹیسٹ 48 گھنٹے کے اندر مکمل کرایا جائے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کا کپاس کی کاشت پر فوکس ہے۔زرعی لوازمات کے معیار اور دستیابی پر ہرگز سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔

محکمے،پولیس اور کاشتکار تنظیمیں ایک دوسرے کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں۔ڈائریکٹر زراعت مہر عابد حسین نے بتایا کہ ڈیرہ غازی خان ڈویژن نے کپاس کی کاشت کا 96 فیصد ہدف حاصل کرکے کاٹن بیلٹ کے باقی دو ڈویژن ملتان اور بہاولپور کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ایک ماہ کے دوران زرعی ادویات کے 584 نمونے لئے گئے جن میں سے گیارہ نمونے فیل ہوئے جس پر 32 مقدمات درج کرکے 13 کو گرفتار اور 31 لاکھ 25 ہزار 468 روپے مالیت کی ادویات ضبط کی گئیں اسی طرح کھاد کے 354 نمونے لئے گئے 16 ناقص ثابت ہونے پر دس مقدمات درج کرکے چھ کو گرفتار کیا گیا۔اے ڈی سی آر رضوان نذیر ،ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت غلام محمد بزدار اور دیگر موجود تھے۔

ڈیرہ غازی خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں