’پاکستان کا نام شریفستان رکھ دیں‘

اسحاق ڈار کو نائب وزیراعظم بنانے پر تیمور سلیم جھگڑا کا ردعمل

Sajid Ali ساجد علی پیر 29 اپریل 2024 12:35

’پاکستان کا نام شریفستان رکھ دیں‘
پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 اپریل 2024ء ) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماء اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو ملک کا نائب وزیراعظم بنانے پر پی ٹی آئی رہنماء تیمور سلیم جھگڑا کا ردعمل آگیا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اگر اسحاق ڈار کو ڈپٹی وزیر اعظم بنانا ہے تو میری تجویز ہے کہ نواز شریف کو شہنشاہ، شہباز شریف کو بادشاہ، مریم نواز کو ملکہ بھی بنا دیں اور پاکستان کا نام شریفستان رکھ دیں۔

اسی معاملے پر سینئر سیاستدان مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے بھائی وزیر اعظم، ان کی صاحبزادی وزیراعلیٰ اور اَب سمدھی صاحب کو ڈپٹی وزیر اعظم بنادیا گیا، کیا پوری پارٹی میں کوئی اور شخص کسی بھی انتظامی عہدے کے لیے اہل نہیں؟ کیا اُس کا حکمران خاندان سے ہونا ہی واحد شرط ہے؟۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو نائب وزیراعظم مقرر کر دیا ہے، وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ وزیراعظم نے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو نائب وزیراعظم مقرر کرنے کی منظوری دی، جس کے بعد کابینہ ڈویژن کی جانب سے اس ضمن میں نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی کا اسحاق ڈار کو نائب مقرر کرنے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اسحاق ڈار کو نائب وزیراعظم مقرر کیا گیا ہے، ہمارے دور میں بھی پرویزالہٰی نائب وزیراعظم رہے ہیں، ہم حکومت کاحصہ نہیں لیکن اچھے مشورے دیں گے، پاکستان مسلم لیگ ن نے اسحاق ڈار کو نائب وزیراعظم بنانے کے حوالے سے پیپلز پارٹی سے مشاورت کی ہوگی، پاکستان پیپلز پارٹی وفاقی کابینہ کا حصہ نہیں ہے، مجھے لگتا ہے کہ قیادت سے اس حوالے سے مشاورت کی گئی ہوگی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں