لائیو سٹاک ڈیرہ غازی خان جانوروں کی ویکسینیشن،علاج معالجہ کیلئے متحرک

جمعرات 11 جنوری 2024 11:20

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2024ء) ڈیرہ غازی خان میں جانوروں کی ویکسینیشن اور علاج معالجہ کیلئے محکمہ لائیو سٹاک کی ٹیموں کو متحرک کر دیا گیا ہے ۔ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر نظام الدین نے بتایا کہ موسمی تبدیلیوں کے باعث جانور متاثر ہورہے ہیں لہذا مال مویشی رکھنے والے شہریوں سے گزارش ہے کہ جانوروں کیلئے خصوصی گرم کمرے بنائے جائیں اور محکمہ لائیو سٹاک کا عملہ جانوروں کے علاج معالجے کے ساتھ حفاظتی تدابیر سے مویشی پال حضرات کو ان کی دہلیز پر آگاہی دے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان کے ٹرائیبل ایریا کے مختلف علاقوں میں خصوصی طور پر تمن قیصرانی کے موضع نیلوہر، موضع کھلیرو، موضع ٹاہلیدان، موضع سگھ، موضع سگھڑا، موضع سرپھراغ اور ملحقہ علاقے میں لائیو سٹاک کی ٹیمیں جانوروں میں وائرس کے تدارک کے لیے پہنچیں مگر وہاں پر اس قسم کا کوئی وائرس نہیں پایا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹیم انچارج ڈاکٹر سلیم قیصرانی کی رپورٹ کے مطابق یہاں زیادہ تر چھوٹے جانور سخت سردی کی وجہ سے نزلہ زکام کے باعث متاثر ہورہے ہیں اور چند چھوٹے جانور ہی ہلاک ہوئے ہیں انہوں نے کہا یہاں وائرس سے بچاؤ کے لیے تقریباً چودہ ہزار سے زائد جانوروں کو ویکسین لگائی گئی تیس چالیس جانور بیمار پائے گئے ہم نے مکینوں کو ہدایات جاری کیں کہ جانوروں کو سردی سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات کیے جائیں ، گڑ کھلائیں اور صبح کے وقت دیر سے باہر نکالیں کیونکہ موسمی تبدیلیوں کے باعث جانور متاثر ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جانوروں کے لیے خصوصی گرم کمرے بنائے جائیں، ہماری ٹیمیں علاقے میں موجود رہتی ہیں کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ہم سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا یہاں پی پی آر وائرس قطعہ نہیں پایا گیا صرف سرد موسم کی شدت کے باعث جانور بیمار ہورہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

ڈیرہ غازی خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں