آئین کی بالادستی سے ہی ملک آگے بڑھے گا، عوام کو اپنے نمائندے منتخب کرنے کا اختیار ہونا چاہیے، چیئرمین سینیٹ

کسی بھی معاشرے کے آگے بڑھنے میں عدلیہ کا اہم کردارہوتا ہے، معاشرے عدل کی بنیاد پرہی ترقی کرتے ہیں، ہمیں بھاری چیلنجز کو سامنا ہے مگر ہم ان پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ یوسف رضا گیلانی کا تقریب سے خطاب

Sajid Ali ساجد علی اتوار 28 اپریل 2024 21:30

آئین کی بالادستی سے ہی ملک آگے بڑھے گا، عوام کو اپنے نمائندے منتخب کرنے کا اختیار ہونا چاہیے، چیئرمین سینیٹ
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 اپریل 2024ء ) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ تمام مسائل کا حل جمہوریت ہے، آئین کی بالادستی سے ہی ملک آگے بڑھے گا، عوام کو اپنے نمائندے منتخب کرنے کا اختیار ہونا چاہیے، مارشل لاء نے ہمارے جمہوری کلچر کو تباہ کیا، ہمیں جمہوریت پلیٹ میں رکھ کر نہیں دی گئی ہم نے اس کے لیے اپنا خون دیا، ہمیں بھاری چیلنجز کو سامنا ہے مگر ہم ان پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، کسی بھی معاشرے کے آگے بڑھنے میں عدلیہ کا اہم کردارہوتا ہے، معاشرے عدل کی بنیاد پرہی ترقی کرتے ہیں۔

مقامی ہوٹل میں دو روزہ عاصمہ جہانگیر کانفرنس کے اختتامی روز خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلا وزیراعظم تھا جس نے بین المذاہب کی وزارت متعارف کروائی، عاصمہ جہانگیر ایک بہادر خاتون تھیں، انسانی حقوق کے لئے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، خواتین اور جمہوری حقوق ہمارے آگے بڑھنے کے لیے ضروری ہیں، عدلیہ پر آج بھاری ذمہ داری ہے کہ انسانی حقوق کے مقدمات کا ٹرائل غیر جانبدارانہ انداز سے کرے۔

(جاری ہے)

سابق وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ مرحومہ عاصمہ جہانگیر نے ہمیشہ جمہوریت کا ساتھ دیا، محترمہ بے نظیر اور نواز شریف کے درمیان میثاق جمہوریت پر دستخط ہوئے، بطور وزیراعظم میں نے 58 ٹو بی کا خاتمہ کیا، سب سے پہلے عاصمہ جہانگیر نے مبارک دی، میں نے تب ہی کہا کہ اب اس شق کا اطلاق اسٹبلشمنٹ نہیں بلکہ جوڈیشری کرے گی پھر اسی شق کا اطلاق جوڈیشری نے کیا میں بھی گیا اور نواز شریف بھی گیا۔

انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے جمہوری اصولوں پر پارٹی کی بنیاد رکھی، ہماری پارٹی نے جمہوریت کی بھاری قیمت ادا کی ہے، میری وزارت اعظمی میں کوئی سیاسی قیدی نہیں تھا، ہمارے تمام مسائل کا حل جمہوریت کے ذریعے ہے، تمام سیاسی لیڈروں کو اس کی ڈائریکشن سیٹ کرنا ہوگی، عوام کو اپنے نمائندے منتخب کرنے کا اختیار ہونا چاہیے، تمام سیاسی جماعتوں کو بنیادی حقوق کی فراہمی کے لئے کوشش کرنا ہوگی، جوڈیشری کی ذمہ داری ہے کہ انصاف کی فراہمی کریں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں