گومل یونیورسٹی میں طلبہ کیلئے لیپ ٹاپ تقسیم کیلئے افتتاحی تقریب کا انعقاد

منگل 7 نومبر 2023 23:09

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 نومبر2023ء) وزیر اعظم لیپ ٹاپ سکیم کے تحت گومل یونیورسٹی کے طلبہ کیلئے دو ہزار سے زائد لیپ ٹاپ فراہم کردئیے گئے ہیں جنکی تقسیم کا عمل شروع کردیا گیا ہے افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی کمشنر ڈیرہ ڈویژن ظہیر السلام خٹک مہمان تھے جبکہ پروگرام کی صدارت وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ نے کی ۔

پراجیکٹ ڈائریکٹر ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آبادمحسن علی رازق ،پراجیکٹ ڈائریکٹر ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آبادگوہر علی خان سمیت رجسٹرارگومل یونیورسٹی، تمام شعبہ جات کے ڈینز،ڈائریکٹر 'انتظامی افسران اور طلبا ء بھی موجود تھے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ظہیر السلام خٹک نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی جانب سے طلبا کو مفت لیپ ٹاپ کی سہولت ملنا کسی نعمت سے کم نہیں اس لئے لیپ ٹاپ لینے والے طلبا کو چاہئے کہ وہ اس نعمت کی قدر کریں اور اپنی علم و تحقیق میں اس کا مثبت استعمال کرکے ملک وقوم کہ ترقی میں اپنا کردار ادا کریں انہوں نے کہا کہ بعض اوقات آپ کی زندگی میں ایک ایسا وقت آتا ہے جو آپ کی تمام زندگی سنوار دیتا ہے اور مجھے یاد ہے کہ مجھے بھی سکالر شپ ملا اور میں نے اس کا حق ادا کیا جو آج میں اس ہم پوزیشن پر ملک و قوم کی خدمت کرکے اپنے فرائض سر انجام دے رہا ہوں ۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے تو میں حکومت پاکستان، وفاقی وزیر تعلیم ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کا انتہائی مشکور ہوں جن کی وجہ سے آج ہمارے طلبا کو مفت لیپ ٹاپ مل رہے ہیں جس پر میں لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے تمام طلبا اور ان کے والدین کو مبارکباد دیتا ہوں ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ آج کے جدید دور میں جہاں ہر طرف جدت آگئی ہے وہیں حصول علم میں طلبا کو اپنی علم وتحقیق کو مزید بہترکرکے اپنی عملی زندگی میں کامیابی کیلئے رہنمائی کی ضرورت ہوتی ہے وہیں یہ لیپ ٹاپ ان طلبا کیلئے نہایت ہی مفید ثابت ہوں گے۔

گومل یونیورسٹی فنانشل ایڈ اینڈ سکالر شپ سیکشن کے انچارج ڈاکٹر حامد خان نے وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کے حوالے سے بتایا کہ گومل یونیورسٹی کے سکالر شپ سیکشن نے تمام شعبہ جات کے میرٹ پر آنیوالے طلبا ء کی لسٹ کو انتہائی کم وقت میں اکٹھا کرکے ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کو بھیجا گیا جس کے بعد ایچ ای سی کی جانب سے منتخب کئے گئے 2080طلبا میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کا باقاعدہ آغاز آج سے ہو رہاہے اور اس حوالے سے ہر شعبہ کا اپنا دن مخصوص کیا گیا ہے تاکہ ان طلباء میں لیپ ٹاپ کی تقسیم کا عمل وقت پر مکمل کیا جا سکے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ گومل یونیورسٹی کے تمام شعبہ جات میں لیپ ٹاپ کی تقسیم اپنے مقررہ دن اور وقت پر جاری رہے گی اور کسی بھی قسم مشکل یا مسئلہ میں طلبا اپنے شعبہ کے فوکل پرسن یا گومل یونیورسٹی کے فنانشل ایڈ اینڈ سکالر شپ سیکشن سے رابطہ کر سکتے ہیں۔تقریب کے اختتام پر کمشنر ڈیرہ ڈویژن ظہیر الاسلام خٹک اور وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ نے طلبا میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں