رئیس خان بھٹنی قتل کیس کا فیصلہ ، ملزم کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کرنے کے احکامات جاری

جمعہ 6 دسمبر 2019 18:27

ڈیرہ اسماعیل خان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2019ء) ایڈیشنل سیشن جج ڈیرہ سید عارف شاہ نے تھانہ کینٹ کی حدود بستی میکن میں 37 سالہ رئیس خان بھٹنی قتل کے مشہور زمانہ مقدمہ کا فیصلہ سناتے ہوئے ملزم کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے مقدمہ سے بری کرنے کے احکامات جاری کردیئے ۔

(جاری ہے)

پولیس رپورٹ کے مطابق تھانہ کینٹ کی حدود بستی میکن میں37 سالہ رئیس خان ولد رشید قوم بھٹنی سکنہ کڑی لئی ٹانک حال بستی میکن اپنے گھر کے قریب موبائل کی دکان میں موجود تھا کہ اس کے مخالف مسلح ملزم بیت اللہ ولد عبدالمنان قوم بھٹنی سکنہ سرخیل ٹانک نے پسٹل سے اس پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا ۔

زخمی کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا ۔ پولیس نے مقتول کے والد رشید خان ولد بازید خان بھٹنی کی رپورٹ پر ملزم بیت اللہ ولد عبدالحنان قوم بھٹنی سکنہ کڑی لئی بہا خیل ٹانک کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔وجہ عداوت مکان پر قتل مقاتلہ کا تنازع بیان کیاگیا ۔مقدمہ کی سماعت کے دوران ملزم کے خلاف جرم ثابت نہ ہونے پر عدالت نے اسے شک کا فائدہ دیتے ہوئے مقدمہ سے بری کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں ۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں