نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی میں انٹر لوپ ٹیکسٹائل انوویشن نمائش اور انوویشن ایوارڈز کی تقریب کا انعقاد

جمعرات 7 مارچ 2024 12:12

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مارچ2024ء) نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی فیصل آباد میں انٹر لوپ ٹیکسٹائل انوویشن نمائش اور انوویشن ایوارڈز کی تقریب کا انعقادکیا گیاجس میں این ٹی یو وانٹر لوپ جدت طرازی کے مقابلے میں پاکستان کی 10سے زائد یونیورسٹیزسے بڑے پیمانے پر اختراعی اور مارکیٹ کیلئے تیارشدہ مصنوعات کی نمائش کی گئی اور اس میں 40سے زائد پراجیکٹس پیش کئے گئے۔

نمائش کا افتتاح عارف احسان ملک سابق چیئرمین آل پاکستان بیڈ شیٹس اینڈ اپ ہولسٹری مینوفیکچررز ایسوسی ایشن، شفیق جھوک والا آف پریگمااورکیپٹن فاروق خان آف ایپبیومانے کیا۔اس موقع پرریکٹر این ٹی یو پروفیسر ڈاکٹر تنویر حسین، ڈین ایس ای ٹی اور کانفرنس کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر یاسر نواب، چیف آرگنائزر نمائش ڈاکٹر محمد قمر خان نے مہمانان خصوصی میں شیلڈز تقسیم کیں۔

(جاری ہے)

نمائش میں قابل ذکر مصنوعات میں کیلے کے تنے سے تیار شدہ کپڑا، سیسل فائبر ملبوسات، ضائع شدہ پتوں سے تیار شدہ کپڑا، پنکچر مزاحم کپڑا، پوسٹ کنزیومر اور پلاسٹک کے کچرے سے بنی ہوئی نان وون مصنوعات، ملٹی فنکشنل یارن، پاور لوم کی صلاحیت میں اضافہ،آئی آر اور یووی شیلڈڈ فیبرک، بھیڑوں کی نسلوں کے اون وکاٹن کے ملاوٹ شدہ کپڑے، کمپوزٹ سے بنے دفاعی منصوبے، زچگی کیلئے سیفٹی بیلٹ، ری سائیکل شدہ ڈینم دھونے کے پائیدار طریقے، لگنن پر مبنی ہائیڈرو فوبک کپڑے اور بہت کچھ قابل دید تھا۔

این ٹی یو کے ترجمان حسن افتخار احمد نے کہا کہ ہم ان تیار مصنوعات کی ٹیکنالوجی کی منتقلی کیلئے صنعتکاروں کی طرف دیکھ رہے ہیں اور ان کو اپسکلنگ کیلئے اپنانے کی دعوت دیتے ہیں جس سے ان ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی برآمد اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے ذریعے پاکستان کی معیشت کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔مزید یہ کہ اس نمائش کیساتھ ساتھ کانفرنس بھی جاری رہی جس میں تین متوازی سیشنز ہوئے جس میں 40 سے زائد قومی اور بین الاقوامی مقررین نے ٹیکسٹائل بزنس، کمپوزٹ میٹریلز، پروڈکٹیویٹی اور کوالٹی، سرکلرٹی، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ اور نینو ٹیکنالوجی پر اپنی گفتگو کی۔

اختتامی تقریب میں انٹرلوپ کی جانب سے نمائش میں اول، دوم اور سوئم آنیوالے طلبہ میں بالترتیب2 لاکھ،ڈیڑھ لاکھ اور75 ہزارروپے کے کیش انعامات تقسیم کئے گئے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں