فیصل آباد،جشن آزادی تقریبات کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ اور فیصل آباد آرٹ کونسل کی مشترکہ نمائش

تحریک پاکستان کی نایاب اور تاریخی تصاویر کی نمائش آرٹ کونسل کی گیلری میں تقریباً دو سو کے قریب تاریخی ونادر تصاویر رکھی گئی ہیں

پیر 13 اگست 2018 22:56

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اگست2018ء) جشن آزادی تقریبات کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ اور فیصل آباد آرٹ کونسل کے اشتراک سے تحریک پاکستان کی نایاب اور تاریخی تصاویر کی نمائش آرٹ کونسل کی گیلری میں کی گئی جس کا افتتاح ڈائریکٹر آرٹ کونسل صوفیہ بیدار نے کیا۔این جی اوز کے نمائندے اور سول سوسائٹی کے افراد بھی اس موقع پر موجود تھے۔

نمائش میں تقریباً دو سو کے قریب تاریخی ونادر تصاویر رکھی گئی ہیں جو تحریک پاکستان کے دوران قائد اعظم محمد علی جناح کی مختلف مصروفیات،آل انڈیا مسلم لیگ کے اجلاسوں،مسلمانوں کی انڈیا سے ہجرت اورمہاجرین کیمپس کے علاوہ جدوجہد آزادی کے دیگر مختلف مراحل پر مشتمل ہیں۔ڈائریکٹر آرٹ کونسل ودیگر نے تحریک پاکستان پر مبنی تصویری نمائش میں گہری دلچسپی کا اظہار کیااور کہا کہ جدوجہد آزادی اورہمارے قومی ہیروز کے کارناموں پر مشتمل نایاب اور تاریخی تصاویر نئی نسل کو قیام پاکستان کے کٹھن سفر کی داستان سے آگاہ کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر آرٹ کونسل نے بتایا کہ جدوجہد آزادی اور تحریک پاکستان کے مختلف مناظر پر مشتمل یہ تصاویر طویل جدوجہد کے بعد مختلف حلقوں کی معاونت سے جمع کی گئی ہیں۔تصویری نمائش طلبہ،اساتذہ سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے شہری بڑی تعداد میں دیکھنے کے لئے آرہے ہیں۔دریں اثناء جشن آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں فیصل آباد آرٹ کونسل کے زیر اہتمام محفل مشاعرہ بھی منعقد ہوا جس کی صدارت شاعر علی عمران نے کی جبکہ زوار حسین زائر،اعجاز توکل،احمد فرید،سلیم شہزاد،صوفیہ بیدارودیگر شعراء کرام نے حصہ لیا۔

علی عمران نے کہا کہ شاعر عوام کی سوچ کی عکاسی اور معاشرے کے منفی رحجانات پر تنقید کرکے دھرتی کا حق اداکرتے ہیں۔انہوں نے مشاعرہ کے کامیاب انعقاد پرمنتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں