حکومت پنجاب صحت کے شعبہ میں توسیع و ترقی کے منصوبوں پر عمل پیرا ہے ،صوبائی وزیر صحت

منگل 13 نومبر 2018 23:57

فیصل آباد۔ 13نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2018ء) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشدنے کہا ہے کہ حکومت پنجاب صحت کے شعبہ میں توسیع و ترقی کے منصوبوں پر عمل پیرا ہے جس کے تحت گزشتہ دو ماہ میں ساڑھے تین ہزار لیڈی ڈاکٹر تعینات کی گئی ہیں اور آئندہ ایک ماہ میں 42 سو مزید ڈاکٹرز اور 62 سو نرسز بھرتی کی جائیں گی جبکہ پیرا میڈیکل سٹاف کی 16 ہزار آسامیوں پر این ٹی ایس کے ذریعے تعیناتی کی جائے گی ۔

انہوں نے یہ بات اپنے دورہ فیصل آباد کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ زچہ بچہ کیلئے طبی سہولیات میں مزید اضافہ کرنے کے لئے صوبہ کے پانچ شہروں اٹک ‘ میانوالی ‘ بہاولنگر ‘ راجن پور اور ڈیرہ غازی خان میں گائنی ہسپتال بنانے کا پروگرام بنایا گیا ہے جبکہ 25 ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں اور 15 تحصیل ہسپتالوں کو اپ گریڈ کرکے وہاں سی ٹی سکین مشین ‘ سرجری کی سہولیات ‘ نوزائیدہ بچوں کے وارڈز اور دیگر جدید طبی مشینری فراہم کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں 24 سو بنیادی مراکز صحت میں ہفتہ کے سات ایام میں 24 گھنٹے میڈیکل سروسز کی فراہمی کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے ۔ صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ سرکاری ڈاکٹرز کی پرائیویٹ پریکٹس پر پابندی لگانے کا کوئی ارادہ نہیں بلکہ نائٹ شفٹ میں ادارہ جاتی میڈیکل پریکٹس کا نظام متعارف کرایا جارہا ہے جس کے تحت پانچ میڈیکل یونیورسٹیز سے ملحقہ ہسپتالوں کے خصوصی کلینکس میں شام کے تحت جو پروفیسر ڈاکٹر میڈیکل پریکٹس کریں گے انکی تنخواہوں میں اضافہ کے علاوہ فیس میں حصہ بھی دیا جائے گا ۔

انہوں نے بتایا کہ عنقریب غریب افراد کیلئے ہیلتھ انشورنس کارڈ کا اجراء کیا جارہا ہے جس کے حامل مریض سرکاری ہسپتالوں کے علاوہ حکومت پنجاب کے پینل پر پرائیویٹ ہسپتالوں میں اپنا فری علاج کرا سکیں گے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہا کہ فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے انتظامی معاملات میں پیش رفت جاری ہے جس کی بدولت میڈیکل ریسرچ کے علاوہ میڈیکل کالجز کے الحاق سے طبی تعلیم کی خاطر خواہ سہولیات مقامی سطح پر دستیاب ہونگی ۔

انہوں نے کہا کہ ادویات کی سنٹرل پرچیز کے باعث ان کی ترسیل میں مسائل آڑے آئے تھے لیکن اب ڈپٹی کمشنرز ‘ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز اور سی اوز سے کہا گیا ہے کہ وہ ادویات کی خریداری کے لئے مقامی سطح پر شفاف انداز میں اقدامات کریں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے صحت کے شعبے کیلئے خاطر خواہ بجٹ مختص کیا ہے لہذا ادویات کی قلت نہیں آئے گی ۔ صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ کرپشن کا خاتمہ موجودہ حکومت کا مشن ہے اور محکمہ صحت میں شفافیت قائم کرنے کیلئے مالیاتی امور کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی سے سماجی مسائل گھمبیر ہو رہے ہیں لہذا اس مسئلے سے متعلق زیادہ سے زیادہ شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے جس میں میڈیا اہم کردار ادا کر سکتا ہے ۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں