فیصل آباد، عوامی مسائل سے آگاہی اور ان کے حل کے لئے سرکٹ ہائوس میں کھلی کچہری کا انعقاد

جمعہ 21 فروری 2020 23:39

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 فروری2020ء) وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات پر عوامی مسائل سے آگاہی اور ان کے حل کے لئے سرکٹ ہائوس میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ڈویژنل کمشنر عشرت علی،آرپی اوراجہ رفعت مختار،ڈپٹی کمشنر محمد علی ،ایس ایس پی آپریشنز سید علی رضانے عوامی مسائل سنے اور موقع پر ہی افسران کو داد رسی کی ہدایت کی۔

ڈویژنل وضلعی اور پولیس افسران کھلی کچہری میں موجود تھے۔ڈویژنل کمشنر نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پرہر جمعہ کو کھلی کچہری کا انعقاد کرکے عوامی مسائل ان کی دہلیز پر حل کئے جارہے ہیں۔انہوں نے درخواست گزاروں کے مختلف محکموں سے متعلقہ مسائل تحمل مزاجی سے سنتے ہوئے موقع پر موجودافسران کو نہ صرف داد رسی بلکہ تعمیلی رپورٹ سے بھی آگاہ کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کھلی کچہریوں کو نتیجہ خیز بنانے کے لئے اقدامات جاری ہیں اس سلسلے میں محکموں کی کارکردگی کی کڑی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ڈویژنل انتظامیہ کی طرف سے کھلی کچہری میں موصول ہونے والی درخواستوں پر محکمانہ کارروائی کی براہ راست نگرانی کی جارہی ہے تاکہ درخواست گزار کو جلدازجلد ریلیف فراہم کیا جاسکے۔ڈویژنل کمشنر نے بعض محکموں سے متعلقہ لوگوں کی شکایات سنتے ہوئے متعلقہ افسران کو حکم دیا کہ وہ شہریوں کے لئے قابل رسائی رہیں اور ان کے مسائل کے حل میں خصوصی دلچسپی لیں۔

انہوں نے درخواست گزاروں کو یقین دلایا کہ ان کی شکایات کے حل کے لئے محکمانہ کارکردگی کی کڑی مانیٹرنگ کی جارہی ہے اور انہیں ہر ممکن ریلیف فراہم کریں گے۔انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ کھلی کچہری میں پیش کی جانے والی شکایات کے حل میں گہری دلچسپی لیں اور درخواست گزاروں کو اطمینان بخش ریلیف فراہم کریں۔آر پی او نے پولیس سے متعلقہ لوگوں کی شکایات سنتے ہوئے کہا کہ مظلوم کو جلد انصاف کی فراہمی اولین ترجیح ہے جس میں کوتاہی کرنے والے پولیس افسران جواب دہ ہوں گے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ مختلف وارداتوں کے مقدمات درج کرنے میں تاخیر نہ کریں اور درج مقدمات کے ملزمان کی گرفتاری اور مسروقہ مال کی برآمدگی کے لئے حتی المقدور کوششیں کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ تھانوں میں سائلان کے ساتھ اچھا برتاؤ ہونا چاہیے اور جرائم کی بیخ کنی کے لئے پٹرولنگ میں اضافہ کریں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوامی مسائل کا تیز رفتار حل ترجیح ہے اس ضمن میں لیت ولعل سے کام لینے والے افسران سے وضاحت بھی طلب کی جارہی ہے۔انہوں نے درخواست گزاروں سے کہا کہ وہ اپنے مسائل کے حل کے لئے کھلی کچہری میں پیش ہوں ان کی ہر ممکن حد تک داد رسی کی جائے گی

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں