تاریخی مسجد وزیر خان میں فلم کے لئے گانوں پر رقص کی شوٹنگ پر شدید الفاظ میں مذمت

حکومت فوری طور پر عملے کی غفلت اور ذمہ داران کے خلاف فوری کارروائی کرے،سردارظفرحسین خان ایڈووکیٹ

ہفتہ 8 اگست 2020 21:22

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اگست2020ء) جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیر سردارظفرحسین خان ایڈووکیٹ نے تاریخی مسجد وزیر خان میں فلم کے لئے گانوں پر رقص کی شوٹنگ پر شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت فوری طور پر عملے کی غفلت اور ذمہ داران کے خلاف فوری کارروائی کرے۔ اس عمل سے اسلامیان پاکستان کے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔

مقدس جگہوں کا احترام لازم ہے۔مساجد میں رقص و سرور کی محافل کی عکاسی انتہا ئی افسوسناک امر اور موجودہ حکمرانوں کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔انہوں نے کہا کہ مسجد کا احترام ہمارے دین کاحصہ ہے۔ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت پاکستان کے اسلامی تشخص کو پامال کیا جارہا ہے۔ چند مخصوص طبقات کی جانب سے دنیا کو سیکولر چہرہ دکھانے کی خاطر ایسے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کیے جارہے ہیں جو کہ ناقابل برداشت ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسلام کے نام پر وجود میں آنے والے ملک میں بد قسمتی سے ایسے لوگ صاحب اختیار اور اہم عہدوں پر فائز ہوچکے ہیں جن کو مذہب کی توہین سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ مسجد وزیر خان میں فلم کی ریکارڈنگ کے دوران قابل اعتراض عکس بندی ہوتی رہی مگر کسی نے بھی کوئی نوٹس نہ لیا۔ حکومت فوری طور پر ایسا قانون پاس کروائے جس میں مقدس مقامات کا احترام ہر طرح سے ملحوظ خاطر رکھا جائے اور فلموں، گانوں اور کمرشل کی شوٹنگ پر پابندی لگائی جائے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں