فیسکوکی جانب سے واٹس ایپ گروپس کی تشکیل شروع، ٹیمیں مقرر کردی گئیں

منگل 17 مئی 2022 22:55

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2022ء) وزیراعظم پاکستان اور سیکرٹری وزارت توانائی (پاور ڈویژن)کے احکامات کی روشنی میں صارفین بجلی کے مسائل کے فوری حل کیلئے فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو)کی جانب سے تین تین سو صارفین پر مشتمل واٹس ایپ گروپ تشکیل دینے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے جبکہ اس ضمن میں فیسکو ریجن کے سب ڈویژنل دفاتر میں مختلف ٹیمیں بھی تشکیل دیدی گئیں ہیں نیزآپریشن سٹاف کے علاوہ ایڈمن، جی ایس او، جی ایس سی، کمرشل سٹاف بھی اس میں حصہ لے رہا ہے۔

(جاری ہے)

فیسکو کے ترجمان نے اے پی پی کو بتایا کہ فسیلٹیشن آفیسرز نے اپنے اپنے علاقے کے صارفین کا ڈیٹا جمع کرنا شروع کردیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ واٹس اپ گروپ کی مدد سے صارفین بجلی کی لوڈمینجمنٹ، بریک ڈاؤن اور بجلی سپلائی میں تعطل کے بارے میں فوری طور پر آگاہی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے متعلقہ فسیلٹیشن آفیسر کو بجلی سے متعلقہ مسائل سے آگاہ کر سکیں گے جو کہ انہیں فوری حل کرنے کا پابندہوگا۔انہوں نے بتایا کہ فیسکو کے متعلقہ سہولت کار گرڈاسٹیشن، ایس ڈی او اور ایکسین کے ساتھ رابطے میں رہیں گے جبکہ صارفین کی سہولت کاری کی سرگرمی کی ذمہ داری متعلقہ ایس ڈی او وایگزیکٹو انجینئر کی ہوگی۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں