جماعت اسلامی کی حکومت پنجاب کی طرف سے سکولوں اور کالجزمیں طلبا وطالبات کیلئے موسیقی کے مقابلہ جات کے انعقادکی شدید مذمت

بدھ 1 مئی 2024 22:20

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 مئی2024ء) جماعت اسلامی کے راہنمائوںپروفیسرمحبوب الزماںبٹ،شیخ محمدمشتاق،میاں طاہرایوب،میاں اجمل حسین بدر نے حکومت پنجاب کی طرف سے سکولوں اور کالجزمیں طلبا وطالبات کیلئے موسیقی کے مقابلہ جات کے انعقادکی شدید مذمت ہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک اسلامی نظریاتی ریاست کے سب سے بڑے صوبے میں حکومتی سطح پر گانے بجانے کی ترویج باعث شرم ہے۔

حکومت پنجاب کا صوبہ بھر میں مقابلہ موسیقی کا انعقاد کرنا اسلامی تعلیمات سے کھلی بغاوت اور مملکتِ خداداد پاکستان کے اسلامی تشخص کے ساتھ کھلواڑ ہے۔ ایک طرف طرف حکومت پنجاب کے پاس ناظرہ قرآن کی کتب کی اشاعت کے لیے فنڈز نہیں، اس سال تعلیمی کتب کے پیکٹ میں قرآن کی کتب فراہم نہیں کی گئیں دوسری طرف صوبائی حکومت بے پناہ فنڈز استعمال کر کے بے حیائی پر مبنی تقریبات کے اہتمام میں مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کلمہ طیبہ کے نام پر حاصل کئے گئے اسلامی جمہوریہ پاکستان میں قرآن وسنت کی بالادستی قائم کرنے کے بجائے حکمران دین بیزار سرگرمیوں کے فروغ میں مگن ہیں جن کے ذریعے نوجوان نسل کو اسلامی تہذیب و ثقافت سے دور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتہائی شرم کا مقام ہے کہ غزہ کے مسلمانوں پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری جاری ہے اور حکومت پنجاب کو موسیقی جیسے حرام فعل کا مقابلہ کروانے کی سوجھ رہی ہے۔ انہوںنے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا کہ ان بے مقصد اور غیر اخلاقی سرگرمیوں کے انعقاد کا اعلان فی الفور واپس لیا جائے اور اس کی جگہ سکولز میں اسلامی تہذیب و ثقافت پر مبنی مثبت سرگرمیوں کے فروغ کیلئے عملی اقدامات کیے جائیں۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں