تحریک انصاف گلگت بلتستان کا صوبائی صدر سید جعفر شاہ کی زیر صدارت صوبائی سیکرٹریٹ میں اہم اجلاس ہوا

جمعہ 18 اکتوبر 2019 23:10

گلگت ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف گلگت بلتستان کا ایک اہم اجلاس صوبائی صدر سید جعفر شاہ کی زیر صدارت صوبائی سیکرٹریٹ گلگت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے متوقع دورے اور پارٹی کی تنظیم سازی کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔ صوبائی سیکرٹری اطلاعات اکبر حسین اکبر کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم کے فقیدالمثال استقبال کے لئے اقدامات پر غور کیا گیا۔

وزیراعظم اپنے دورے کے دوران گلگت میں ایک عظیم الشان جلسے سے خطاب بھی کریں گے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کابینہ کے تمام ارکان پر مشتمل انتظامی کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ جو اس سلسلے میں انتظامات کی نگرانی کرے گی۔ اجلاس میں ضلعی سطح پر بھی انتظامی کمیٹیاں اور ذیلی کمیٹیاں بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا تاکہ وزیراعظم کے جلسے میں زیادہ سے زیادہ عوام کی شرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔ یاد رہے تاریخ میں پہلی دفعہ کسی بھی وزیراعظم کا جشن آزادی گلگت بلتستان کے موقعے پر یہ پہلا دورہ ہوگا اور اس دورے میں وزیراعظم عمران کی جانب سے اہم اعلانات بھی متوقع ہیں اجلاس میں ضلعی سطح پر پارٹی کی تنظیم سازی کے عمل کو تیز کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں