صدر مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن سے محمد علی اختر، شیخ محمد باقر اور جاوید حسین کی ملاقات

منگل 26 مارچ 2024 18:10

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2024ء) سابق وزیر اعلی و صدر مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن سے ان کی رہائش گاہ پر سابق وزیر خزانہ و سینئر نائب صدر پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان محمد علی اختر، رہنما تحریک انصاف و سابق کوآرڈینیٹر ٹو وزیراعلی شیخ محمد باقر اور رہنما مسلم لیگ ن سابق ممبر اسمبلی جاوید حسین نے طویل ملاقات کی۔

ملاقات میں محمد علی اختر اور محمد علی باقر نے نگر کو ضلع بنانے ، مسلم لیگ ن کے سابق دور حکومت میں نگر کی تعمیر و ترقی میں خصوصی دلچسپی لینے ، اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے دینے اور سیاحت دوست اقدامات سے سیاحت کی ترقی کے حافظ حفیظ الرحمن کے وژن اور عملی اقدامات کو سراہا۔ دونوں رہنمائوں نے اپنی سیاست کو نگر کے عوام کی انفرادی اور اجتماعی ترقی کا اولین مقصد قرار دیتے ہوئے اپنے قوم کے بہتر مستقبل کیلئے ہر طرح کی قربانی دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بہتر سیاسی فیصلوں سے ہم اپنی قوم کے بہترین مستقبل کا تعین کر سکتے ہیں۔انہوں نے نگر قوم کے اجتماعی قومی مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے بلامشروط آمدہ الیکشن میں مسلم لیگ ن کے امیدوار جاوید حسین کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا یہ فیصلہ نگر کی تعمیر وترقی میں اہم کردار ادا کریگا۔ حافظ حفیظ الرحمن نے دونوں شخصیات کی نگر کے عوام کے اجتماعی مفاد کیلئے کئے گئے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اجتماعی مفاد کے فیصلوں سے قومیں ترقی کرتی ہیں انشاللہ مسلم لیگ ن کو گلگت بلتستان کے عوام کی خدمت کا دوبارہ موقع ملا تو نگر کو مثالی ضلع بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

انہوں نے دونوں رہنماؤں کے مدبرانہ فیصلے کو تمام حلقوں کیلئے روشن مثال قرار دیا ۔سابق وزیر اعلی نے دونوں کے جذبے کو سراہا اور مسلم لیگ ن کے امیدوار جاوید حسین کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں