فخر پاکستان ،پاکستانی نژاد برطانوی شہر ی و دنیا کے پہلے نابینا جج لندن میں سپردخاک

منگل 11 جنوری 2022 00:20

گوجرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جنوری2022ء) فخر پاکستان، ہاکی کے اؤلمپک ویلیج گوجرہ سے تعلق رکھنے والے پاکستانی نژاد برطانوی ،دنیاکے پہلے نابینا جج بیرسٹر ڈاکٹر امیرعلی ماجد مرحوم کی نماز جنازہ آج 10جنوری کو لندن میں ادا کردی گئی۔ڈاکٹر امیر علی ماجد مرحوم کے خاندانی ذرائع نے ’’این این آئی ‘‘کو بتایا کہ ڈاکٹر امیر علی ماجد کی آخری خواہش تھی کہ مرنے کے بعد ان کوان کووطن پاکستان کے آبائی شہر گوجرہ کے کبوتراں والے قبرستان میں سپردخاک کیا جائے۔

لیکن برطانیہ میں اومی کراؤنا کی بگڑتی صورتحال کے باعث لگائی کی سفری پابندیوں کے باعث جسدِ خاکی پاکستان جلد منتقل کرنا ممکن نہیں جس وجہ سے ان کی نماز جنازہ برطانیہ کے معیاری وقت کے مطابق بعد از نماز ظہرجامع مسجد غوثیہ لٹن لندن برطانیہ میں ہی ادا کی گئی اور گارڈنز آف پیس لندن قبرستان میں سپرد خاک کردیاگیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر امیر علی ماجد مرحوم کے سوگواروں میں ایک بیٹا قاسم اور ان کی بیوہ شامل ہیں جوکہ لندن میں ہی مقیم ہیں۔

فخر پاکستان بیرسٹر ڈاکٹر امیر علی ماجد کو مشرف دور میں 2003میں ان کی غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں ستارہ امتیاز سے بھی نوازا گیا تھا۔مرحوم بیرسٹر ڈاکٹر امیر علی ماجد نے 1953ئمیں گوجرہ کے محلہ عبداللہ پور میں ایک درزی عمر بخش کے گھر میں پیدا ہوئے تھے جنہوں نے میٹرک تک تعلیم گورنمنٹ اسلامیہ ہائی سکول گوجرہ سے حاصل کی، ایف اے گورنمنٹ کالج گوجرہ سے کیا بعدازاں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں زیر تعلیم رہے اور اسی دوران ان کی بینائی بھی جاتی رہی، جس کے بعد وہ برطانیہ منتقل ہوگئے جہاں انہوں اعلیٰ تعلیم حاصل کی اور پاکستان کا نام روشن کرتے ہوئے پارٹ امیگریشن جج برطانیہ بھی بنے اور حکومت برطانیہ کے متعدداہم عہدوں پر بھی فائز رہے۔

مرحوم برطانیہ کی بڑی یونیورسٹیوں میں قانون کی تعلیم بھی دیتے رہے۔مرحوم کا خواب تھا کہ وہ آنکھوں کے علاج کے لیے ایشیاء کا سب بڑا ہسپتال گوجرہ کی سر زمین پر تعمیر کروائیں جس کے لیے انہوں نے ''سارک'' تنظیم کے تعاون سے گوجرہ میں آنکھوں کے ہسپتال کی منطوری بھی لی لیکن پاکستانی حکومت کی عدم دلچسپی و عدم تعاون کے باعث ہسپتال کی تعمیر ممکن نہ ہوسکی تھی۔گوجرہ کے عوامی سماجی حلقوں نے حکومت پاکستان سے اپیل کی ہے کہ فخر پاکستان و گوجرہ بیرسٹر ڈاکٹر امیر علی ماجد مرحوم کا جسدِ خاکی ان کی آخری خواہش کے مطابق پاکستان لانے کے انتظامات کرے اور قومی اعزاز کے ساتھ گوجرہ میں سپردخاک کیا جائے۔

گوجرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں