گوجرہ،پشاور سے کراچی جانیوالی رحمان باباایکسپریس ٹرین ریت سے لدے ڈمپر سے ٹکرا گئی،ڈرائیور ،اسسٹنٹ ڈرائیورسمیت درجنوں زخمی

پیر 8 اپریل 2024 22:03

گوجرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اپریل2024ء) پشاور سے کراچی جانے والی رحمان باباایکسپریس ٹرین ریت سے لدے ڈمپر سے ٹکرا گئی،ڈرائیور ،اسسٹنٹ ڈرائیورسمیت درجنوں زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق 48ڈان رحمان بابا ایکسپریس ٹرین پشاور سے براستہ فیصل آباد گوجرہ کراچی جا رہی تھی کہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب تھانہ صدر گوجرہ کے گائوں 94ج ب کے قریب کھلے ریلوے لیول کراسنگ(کھلے پھاٹک )پرفل سپیڈ ٹرین ریت سے لوڈ ڈمپر سے زور دار دھماکے سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں ٹرین کا انجمن مکمل طور پر تباہ ہوگیا جبکہ انجن کے ڈرائیور کاشف جاوید اور اسسٹنٹ ڈرائیور نبیل نجم ساکنان ملتان شدید زخمی حالت میں پچکے انجن میں پھنس گئے جبکہ دو مسافرریاض سکنہ کراچی اور عمران سکنہ کوٹ ادوشدید زخمی سمیت درجنوں مسافر معمولی زخمی ہوگئے ۔

(جاری ہے)

ٹرین ٹکرانے بعد ہونے والے دھماکے کی آواز سن کر قریب دیہاتوں کی مساجد میں لوگوں نے اعلانات کروائے اور مسافروں کی امداد کے سینکڑوں دیہاتی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے جبکہ اطلا ع ملنے پر ریسکیو 1122کا عملہ ایمبولینس اور فائر فائٹر سمیت موقع پر پہنچے جنہوں نے مسافروں کو ریسکیوکی اور دو گھنٹے کی جدو جہد کے بعد انجمن کاٹ کر اس میں سے انجمن ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور کو ریسکیو کرکے چاروں زخمیوں کو ٹی ایچ کیو ہسپتال گوجرہ پہنچایا ۔

جہاں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے ڈرائیور کاشف جاوید اور اسسٹنٹ ڈرائیور نبیل نجم کو نشتر ہسپتال ملتان جبکہ زخمی ریاض سکنہ کراچی اور عمران سکنہ کوٹ ادو کو الائیڈ ہسپتال فیصل آباد ریفر کردیا۔ حادثہ کی اطلا ع ملنے پر تھانہ صدر پولیس ،ریلوے پولیس اور پاکستان ریلوے کے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ لاہور(ڈی ایس لاہور ڈویژن)حنیف گل،اسسٹنٹ آپریٹنگ آفیسر (اے او او)،اسٹیشن ماسٹر نسیم بھی امدادی مشینری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔

حادثہ کے بعد پانچ گھنٹے تک ریلوے ٹریک کی بحالی تک ٹرینوں کی آمدورفت معطل رہی اور اس روٹ پر آنے جانے والی دیگر مسافر و مال بردار ٹرینوں کو فیصل آباد اور ٹوبہ ٹیک سنگھ،شورکوٹ ،خانیوال اسٹیشنوں پر روک لیا گیا اور ٹریک کی بحالی کے بعد ٹرینوں کواپنی اپنی منازل کی طرف روانہ کردیا گیا۔تھانہ صدر پولیس نے پاکستان ریلوے کے گارڈ انچاج جاوید اقبال کی مدعیت میںریلوے ایکٹ 1890کی سیکشن 127,129اور تعزیرات پاکستان کی دفعہ 279,427کے تحت ڈمپرنمبری FDI-307 کے نامعلوم ڈرائیور کو حادثہ کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے مقدمہ نمبر373/24درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور تھانہ صدر کے سب انسپکٹر سلیمان شاہد مقدمہ کی تفتیش سونپ دی ہے۔

گوجرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں