محرم الحرام کے دوران امن و اما ن کی صورت حال کو بہتر بنانے کے لئے حفاظتی انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے

پیر 19 اگست 2019 21:07

گوجرانوالہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2019ء) ضلع بھر میں محرم الحرام کے دوران امن و اما ن کی صورت حال کو مزید بہتر بنانے کے لئے حفاظتی انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے ۔امام بارگاہوں اور دیگر مذہبی مقامات کی سیکیورٹی انتہائی سخت کی جائے گی ۔جلوسوں کے روٹس پر سیکیورٹی پلان کے مطابق پولیس کی بھاری نفری تعینات ہو گی اورڈیوٹی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔

ہر مکتبہ فکر کے نمائندہ اشخاص کو ساتھ لے کر چلیں گے اور محرم الحرام میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے ہرممکن کوشش کریں گے۔ان خیالات کا اظہار ریجنل پولیس آفیسر طارق عباس قریشی اور سٹی پولیس آفیسرڈاکٹر معین مسعود نے گزشتہ روز پولیس لائن میں بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کے عہدے داروں اور ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پرسنیئر پولیس افسران، چیئر مین ضلعی ا من کمیٹی قاری زاہد سلیم ،امن کمیٹی کے عہدے دار و دیگران موجود تھے ۔

اجلاس میں محرم الحرام کے حوالے سے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ باہمی مشاورت سے امن و امان برقرار رکھنے کے لئے عملی اقدامات پر زور دیا گیا اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف بلا تفریق سخت کارروائی کافیصلہ کیا گیا۔ آر پی اونے اپنے خطاب میں کہا کہ شہریوں کو امن کی فضا فراہم کریں گے۔ شور و شر پیدا کرنے والوں کے خلاف بھر پور کارروائی عمل میں لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ علماء و تاجر تنظیموں کے سربراہوں سے مشاورت اور میٹنگز کے عمل کو جاری رکھتے ہوئے حساس مقامات اور شر انگیزی پھیلانے والوں کی مسلسل نگرانی کی جائے گی ۔ سٹی پولیس آفیسرڈاکٹر معین مسعود نے کہا حالات میں مزید بہتری کے لئے محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے دوران امن کمیٹی کے عہدیداران اور ممبران پولیس کے ہمراہ ہوں گے ۔

فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لئے نفرت آمیز تقاریر، وال چاکنگ اور لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر عائد پابندی پر سختی سے عمل کروایا جا ئیگا اور خلاف ورزی کے مرتکب اشخاص کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔آخر میں سٹی پولیس آفیسرڈاکٹر معین مسعود نے کہا کہ پولیس عوام کے جان و مال اور عزت و آبرو کی حفاظت اور جرائم کے خاتمہ کے لئے ہمہ وقت مصروف عمل ہے۔

اس موقع پر چیئر مین ضلعی امن کمیٹی قاری سلیم ز اہد نے بھی اتحاد اور اتفاق پر زور دیتے ہوئے کہا کہ افواہوں پر کان نہ دھرا جائے بلکہ تصدیق کے بعد اپنا موقف سامنے لایا جائے تاکہ شر انگیز ی پھیلانے والے اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہ ہو سکیں ۔ ’’سب سے پہلے پاکستان ‘‘ پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امن کے لئے امن کمیٹی کا ہرممبر اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا ۔ضلعی امن کمیٹی و بین المذاہب امن کمیٹی کے عہدے داروں اور ممبران نے بھی خطا ب کرتے ہوئے امن و امان میں مزید بہتری لانے کے حوالے سے ہر ممکن تعاون کا یقین بھی دلایا ۔اجلاس کے آخر میں ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لیے دعا بھی کی گئی۔

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں