جنرل قمر جاوید باجوہ کی مزید 3سال بطور آرمی چیف تعیناتی بہترین فیصلہ ہے ، قاسم اکرم وڑائچ

منگل 20 اگست 2019 18:45

گوجرانوالہ۔ 20 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2019ء) سینئر رہنما پاکستان تحریک انصاف ضلع گوجرانوالہ قاسم اکرم وڑائچ نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش داخلی و خارجی خطرات کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان کا جنرل قمر جاوید باجوہ کی مزید 3سال بطور آرمی چیف تعیناتی میں توسیع بہترین انتظامی فیصلہ ہے جس کے ملک اور خطے پر دور رس نتائج مرتب ہونگے ۔

یہ فیصلہ پاکستان کے داخلی استحکام اور بیرونی خطرات سے نمٹنے کیلئے بہترین ثابت ہو گا ۔افواج پاکستان نے دہشتگردی ختم کر کے ملک میں امن بحال کیا۔ ہر محبِ وطن کو پاک فوج کی ہمت افزائی کرنی پڑے گی۔ فوج پاکستان کے آئین اور جغرافیائی سرحدوں کی محافظ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک کے سیاسی و سماجی حلقے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے ملکی سلامتی کیلئے بطور پروفیشنل سولجر کردار کوتحسین کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

جمہوریت کی بقا اور استحکام کیلئے بھی آرمی چیف کا غیر جانبدارانہ کردار قابل تعریف ہے ۔ ان کی ملازمت میں توسیع سے جمہوری ادارے مزید مضبوط ہونگے اور جمہوری نظام کو تقویت ملے گی۔ پلوامہ میں بھارتی فوجیوں کی خودکش حملے میں ہلاکتوں کے بعد بھارت کے جنگی جنون سے بھی جنرل باجوہ نے امن کے اپنے ویژن کی بدولت ہی خطے کو ممکنہ جنگ کے خطرے سے بچایا اور دشمن کو باور کرادیا کہ اس نے جنگ کی غلطی کی تو نقصان اسی کا ہوگا۔

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں