ایچ آر پی ڈی سی کی مقامی صحافی سہیل خان کے قتل کی پرزور مذمت، قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ

جمعہ 19 اکتوبر 2018 13:50

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2018ء) انسانی حقوق کیلئے کام کرنے والے سماجی ادارہ ہیومن رائٹس پروٹیکشن اینڈ ڈویلپمنٹ کونسل (ایچ آر پی ڈی سی) نے مقامی صحافی سہیل خان کے قتل کی پرزور مذمت کرتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے تنظیم کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ملک یونس اعوان، بورڈ ممبران قاضی زاہد اقبال، محمودالرحمن، ساجدہ بی بی، شاہین اقبال سمیت ہزارہ ڈویژن کے مختلف اضلاع کے عہدیداران ملک ارشاد، حکیم خان جدون، ڈاکٹر جمیل تنولی، عاشق بیگ اور دیگر نے اپنے مشترکہ تعزیتی بیان میں ہری پور حطار سے تعلق رکھنے والے مقامی صحافی سہیل خان کے دن دیہاڑے بہیمانہ قتل کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہری پور میں یہ دوسرا واقعہ ہے جس میں صحافی کو قتل کر کے حق وسچ کی آواز کو دبانے کی کوشش کی گئی ہے جس کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں، اگر اس سے پہلے صحافی بخشیش الہیٰ کی قاتلوں کو سزا مل چکی ہوتی تو یہ واقعہ پیش نہ آتا، قاتلوں کی عد م گرفتاری کی وجہ سے جرائم پیشہ افراد کے حوصلے بلند ہوتے ہیں اور اس طرح کے واقعات پیش آتے ہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ تمام تر وسائل کو استعمال کرتے ہوئے نہ صرف قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے بلکہ انہیں قرار واقعی سزا دیکر دوسروں کیلئے نشان عبرت بنایا جائے۔

(جاری ہے)

ان کا یہ بھی کہنا تھا افسوس کا مقام ہے کہ اپنے قلم کے ذریعہ معاشرہ کی اصلاح کا فریضہ سرانجام دینے والے صحافی شدید عدم تحفظ کا شکار ہو رہے ہیں اور عوام کی آواز بننے والے خود سڑکوں پر حصول انصاف کیلئے احتجاج کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر قاتلوں کو فوری گرفتار نہ کیا گیا تو دیگر سماجی اداروں کے ساتھ مل کر صوبائی و قومی سطح پر بھرپور آواز بلند کرنے پر مجبور ہوں گے، واقعہ کا فوری نوٹس لینے اور شہید کے گھر آ کر تعزیت کرنے پر ڈی آئی جی ہزارہ عالم شنواری کا بھی شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے واقعہ کی غیر جانبدارانہ و شفاف تحقیقات اور مظلوم خاندان کی داد رسی و فوری انصاف کی فراہمی کیلئے بھی کام کریں گے۔

متعلقہ عنوان :

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں