غازی میں کوئی شخص کرونا وائرس میں مبتلا نہیں، من گھڑت خبروں پر یقین نہ کریں‘ اسسٹنٹ کمشنر عدنان ابرار

جمعہ 28 فروری 2020 22:35

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 فروری2020ء) اسسٹنٹ کمشنر تحصیل غازی عدنان ابرار نے کہا ہے کہ تحصیل غازی کے کسی ایریا میں کوئی شخص کرونا وائرس میں مبتلا نہیں ہے۔

(جاری ہے)

تین دن سے تحصیل غازی کے علاقہ خالو کے رہائشی طالب علم زلفی ولد افتخار احمدکے حوالہ سے سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں کی وضاحت کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر تحصیل غازی عدنان ابرار نے کہا کہ ضلعی حکومت عوام الناس کے جان و مال کے تحفظ کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے، جب ہمیں اطلاع ملی کی چین سے واپس آنے والے طالب علم کو کروناوائرس ہے تو ڈپٹی کمشنر ہری پور کی ہدایت پر ایک میڈیکل ٹیم تشکیل دی گئی جس نے زلفی نامی طالب علم کا مکمل چیک آپ کیا، اسے سفر کی اور تھکاوٹ کی وجہ سے ہلکا بخار تھا جسے سوشل میڈیا پر ہوا دیکر لوگوں میں خوف ہراس پھیلانے کی کوشش کی گئی۔

ضلعی حکومت کی طرف ایک دفعہ پھر لوگوں کی تسلی کیلئے طالب علم کی سکرینگ کروائی جائے گی۔ عوام الناس سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی من گھڑت خبروں پر یقین نہ کریں، بعض لوگ بغیر تحقیق کے من گھڑت خبریں اور افوائیں پھیلا رہے ہیں۔

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں