انجمن ترقی پسند مصنفین کے تعاون سے ہری پور میں ہندکو محفل مشاعرہ کا انعقاد

بدھ 19 دسمبر 2018 13:00

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 دسمبر2018ء) ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام انجمن ترقی پسند مصنفین کے تعاون سے ٹی ایم اے ہال ہری پور میں ہندکو محفل مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا۔ مشاعرہ کی صدارت ہندکو اور اردو کے نامور شاعر امتیاز الحق امتیاز نے کی جبکہ نظامت کے فرائض ممتاز شاعر، محقق اور ادیب پروفیسر وحید قریشی نے انجام دیئے۔

ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنرز مجتبیٰ عرفات بھروانہ، ڈاکٹر عادل ایوب، عدنان جمیل پاکستان بیت المال کے ضلعی آفیسر نیئر عباس جعفری، ڈسٹرکٹ بار کے صدر ملک اسد الله ایڈووکیٹ، سماجی شخصیت اور ڈی آر سی کے چیئرمین تحسین الحق اعوان، شیخ عابد علی ایڈووکیٹ، پی پی پی کے ذوالفقار قریشی، شجاع احمد، باب العلم لائبریری کے کوآرڈینیٹر زاہد حسین کاظمی، شیخ ممتاز اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔

(جاری ہے)

ضلعی انتظامیہ کے زیراہتمام ہری پورمیں جاری ثقافتی میلہ کی سرگرمیوں کے سلسلہ میں ہندکو مشاعرہ کے انعقاد کا مقصد مقامی ثقافت کا فروغ تھا جس میں مقامی شعراء سمیت ملک کے دیگر اضلاع سے تعلق رکھنے والے ہندکو شعراء کو بھی محفل میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔ صدر مجلس امتیاز الحق امتیاز، سٹیج سیکرٹری وحید قریشی اور انجمن ترقی پسند مصنفین کے صدر طاہر گل سمیت ایبٹ آباد سے آئے مہمان شاعر نظیر حسین کسیلوی، ڈاکٹر ضیاء الرشید، لالہ ظفر سواتی، راشد خان قریشی، تصور حسین تصور، جاوید اختر امن، ارشاد خان اتمانزئی، افضل جمال، اشفاق شاقی، انعام الحق عباسی، رضوان رضی، حسن سیف، نسیم اعوان، خالد اعوان، قاسم ارشاد اتمانزئی اور دیگر شعراء نے اپنا اپنا ہندکو کلام پیش کیا اور حاضرین سے داد تحسین پائی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ علاقائی ثقافت کے فروغ میں مقامی یا مادری زبان کا بہت بڑا کردار ہوتا ہے اس لئے ضلعی انتظامیہ نے ہندکو مشاعرہ کے انعقاد کی ضرورت محسوس کی۔ بہترین محفل مشاعرہ کے انعقاد پر انجمن ترقی پسند مصنفین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، انشاء الله اس طرح کی محافل کا انعقاد کرتے رہیں گے تاکہ مقامی ثقافت کو زیادہ سے زیادہ فروغ دیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں