حطار میں مقامی اخبار کے صحافی سہیل خان کو بیسٹ وے سڑک پر فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا

منگل 16 اکتوبر 2018 23:26

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2018ء) حطار میں مقامی اخبار کے صحافی سہیل خان کو بیسٹ وے سڑک پر فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا، صحافتی تنظیموں نے سوگ سمیت احتجاج کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق انڈسٹریل اسٹیٹ حطار میں مقامی اخبار کے صحافی سہیل خان اور شفاقت خان کو بیسٹ وے سڑک پر فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔ مقتول صحافی اپنی گاڑی پر گھر جا رہا تھا کہ تاک میں بیٹھے ملزمان نے گاڑی روک کر فائرنگ کر دی جس سے مقتول موقع پر جاں بحق ہو گیا۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ضلع بھر سے صحافیوں، سیاسی رہنمائوں اور مقامی افراد کی کثیر تعداد کے علاوہ ڈی ایس پی سرکل خانپور امجد محمود اور ایس ایچ او حطار علی خان جدون بھی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے جنہوں نے موقع سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد نعش کو آر ایچ سی کوٹ نجیب الله منتقل کر دیا جہاں مقتول کا پوسمارٹم ہونے کے بعد نعش ورثاء کے حوالہ کر دی گئی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ہری پور پریس کلب کے صدر ذاکر حسین تنولی نے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحافی بخشیش الہٰی کے قتل کے بعد ایک اور حق و سچ کی آواز کو دبا دیا گیا ہے۔ سہیل خان نے ہمیشہ اصولوں پر مبنی صحافت کو فروغ دیا اور مظلوم کی داد رسی کی کوششیں کی۔ پو لیس فوری ملزمان کو گرفتار کرے۔

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں