اپسما ضلع اٹک کا پرائیویٹ سکولوں کی عدم رجسٹریشن ، بے بنیاد مقدمات اور اسلحہ لائسنس جاری نہ کرنے پر ضلعی انتظامیہ کے خلاف غم و غصہ کا اظہار

پیر 30 مئی 2016 12:24

حسن ابدال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔30 مئی۔2016ء) آل پاکستان پرائیویٹگ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن ضلع اٹک کا اہم اجلاس، تمام تحصیلوں کے صدور ضلعی انتظامیہ کی پرائیویٹ سکولز پالیسی کے خلاف پھٹ پڑے، پرائیویٹ سکولوں کی رجسٹریشن امریکی ویزے سے بھی مشکل کر دی گئی،پرائیویٹ سکولوں، ٹیچرز کے خلاف درج مقدمات خارج جبکہ سکولوں کو اسلحہ لائسنس جاری کرنے کے مطالبات، 2سالوں سے نئے سکولوں کی رجسٹریشن سے ڈی سی او ، ای ڈی او ایجوکیشن اور متعلقہ افسران حکومت پنجاب کے احکامات کی خلاف ورزی کررہے ہیں، ڈی سی او، ڈی پی او اٹک اپسما کے سکولوں اور سٹاف کے خلاف درج مقدمات خارج کریں، ضلع بھر کے پرائیویٹ سکولوں کے حقوق کیلئے کسی بھی اقدام سے گریز نہیں کیا جائے گا، صدر اپسما ضلع اٹک محمد خالد خان کا اجلاس سے خطاب، تفصیلات کے مطابق حسن ابدال میں اپسما ضلع اٹک کایک نکاتی ایجنڈا پر ایک بھرپور اجلاس زیر صدارت ضلعی صدر محمد خالد خان منعقد ہوا منعقد ہوا جس میں سینئر صحافی نثار علی خان، میزبان تحصیل حسن ابدال ، حضرو، اٹک، فتح جنگ، جنڈ اور پنڈی گھیب تحصیلوں سے صدور ، جنرل سیکریٹریز ملک اشفاق خان،قاضی نور الحسن، قاضی محمد امجد،بلال احمد خان، محمد نثار،محمد عارف خان،محمد عقیل ، قاری اورنگزیب علی ، محمد اشفاق خان،غلام محی الدین ،محمد عظمت خان ا ور دیگر عہدیداران نے شرکت کی،اجلاس میں اٹک کی ضلعی انتظامیہ کے خلاف تحصیل صدور و دیگر عہدیداران پھٹ پڑے اور سکولوں کی رجسٹریشن نہ ہونے پر سخت لائحہ عمل اختیار کرنے کا مطالبہ کیا، اس موقع پر ضلعی صدر خالد خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت پنجاب کے احکامات کے تحت ڈی سی او، ای ڈی او، ڈی ایم او، اپسما ممبر اوروالدین کی ترجمانی کیلئے ایک ممبر پر مشتمل 5رکنی کمیٹی بنائی جس کے آغاز پر ہی اپسما نے انتظامیہ کے سامنے اس کے طریقہ کار پر تحفظات کا اظہار کیاتھا جبکہ اب واضح ہو چکا ہے کہ حکومت پنجاب کے احکامات کی دھجیاں خود انتظامیہ بکھیر رہی ہے جس سے رجسٹریشن سمیت کئی عوامل میں پرائیویٹ سکولوں کی مشکلات نا صرف بڑھ رہی ہیں بلکہ ثابت کیا جا رہا ہے کہ 2سالوں سے رجسٹریشن کیلئے التوا میں پڑی درخواستوں کی آئندہ بھی منظوری نہیں دی جائے گی، خالد خان نے کہا کہ حکومتی و پرائیویٹ ممبرز پر مشتمل 5رکنی کمیٹی کا دو سالوں میں ابھی تک ایک ہی اجلاس ہو سکا ہے اور سالوں سے رجسٹریشن کیلئے ایک لائن میں لگے سکولوں میں سے کسی ایک کو بھی رجسٹرڈ نہ کیا گیا، خالد خان نے ضلعی انتظامیہ کو معاملے کی سنگینی کا احساس دلاتے ہوئے کہا کہ جب پنجاب حکومت جانتی ہے کہ پرائیویٹ سکولوں نے 60فیصد بوجھ اٹھا رکھا ہے اور نامساعد حالات میں بھی بہترین تعلیم دے رہے ہیں ایسے میں سکولوں کی رجسٹریشن روکنا سمجھ سے بالا ہے ، اپسماضلع اٹک نے حال ہی میں چھٹیوں کے بارے میں وزیر تعلیم کے احکامات اور پھر ان میں مختلف ترامیم شدہ احکامات بذریعہ ڈی سی او ، تحصیل اسسٹنٹ کمشنرز کے ساتھ بھر پور تعاون کیا،اپسما کے تمام ممبران نے اچانک حکم پر بھی اپنے تعلیمی ادارے اپنے مالی نقصانات اور بچوں کی مشکلات کے باوجود بند کئے اس کے باوجود ضلعی انتظامیہ پرائیویٹ سکولوں کیلئے سنگدل کیوں بنی ہے ، اجلاس میں تین قراردادیں پیش کی گئیں پہلی قرارداد بلال احمد خان تحصیل صدر فتح جنگ نے پیش کی جس میں کہا گیا کہ رجسٹریشن کمیٹی ضلع اٹک ہنگامی بنیادوں پر اجلاس بلائے اور سکولوں کو رجسٹرڈ کرے، تمام ہاوٴس نے اس قرارداد کا خیر مقدم کیااور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، سیکرٹری تعلیم اور ڈی سی او اٹک سے مطالبہ کیا گیا کہ فوری اجلاس بلا کر سکولوں کو رجسٹرڈ کیا جائے، راشد لطیف سینئر نائب صدر اپسما ضلع اٹک کی پیش کردہ قرارداد میں کہا گیا کہ جتنے تعلیمی اداروں نے لائسنس اپلائی کئے ہیں انہیں فوری طور پر لائسنس جاری کئے جائیں جس پر تحصیل جنڈ کے صدر عارف محمود نے کہا کہ ہمارے بہت سے ادارے لائسنس فیس اور اسلحہ کی قیمت ادا کرنے کے قابل نہیں ہیں پھر بھی ہم اس قرارداد کی حمایت کرتے ہیں کہ تمام سکولوں کو جنہوں نے اسلحہ لائسنس کیلئے اپلائی کیا ہے فوری لائسنس دئیے جائیں، اجلاس میں متفقہ طور پر اس قرار داد کی بھی متفقہ طور پر منظوری دی ، تیسری قرارداد صدر تحصیل حضرو حق نواز وحید ، سابق پرنسپل گورنمنٹ کالج حضرو نے پیش کی اور کہا کہ اداروں /اساتذہ کے خلاف ایف آئی آر کا رجحان اساتذہ اور تعلیمی اداروں کو بے وقار کررہا ہے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں ، حکومت پولیس گردی کو روک کر قائم مقدمات کو خارج کر ے ، اجلاس نے اس قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کرتے ہوئے کہا کہ اداروں اور اساتذہ کے خلاف ایسی سازشوں کو بے نقاب کیا جائے نیز ڈی پی او اٹک سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ضلع اٹک میں پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے خلاف درج بے بنیاد مقدمات کو خارج کیا جائے، اس موقع پر یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ اپسما ممبران کا ایک وفد اس سلسلہ میں نئے ڈی سی او اٹک سے ملاقات کرکے اپنے تحفظات سے آگاہ کرے گا

متعلقہ عنوان :

حسن ابدال میں شائع ہونے والی مزید خبریں