9 مئی محسن نقوی اور آئی جی پنجاب کا ڈرامہ ہے، اسد قیصر

اس معاملے پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے اور تمام صوبوں کے چیف جسٹس اس میں شامل ہوں اور جو ذمہ دار ہو اسے سزا دیں۔ سابق سپیکر قومی اسمبلی کا ایوان میں اظہار خیال

Sajid Ali ساجد علی پیر 29 اپریل 2024 17:37

9 مئی محسن نقوی اور آئی جی پنجاب کا ڈرامہ ہے، اسد قیصر
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 اپریل 2024ء ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اسد قیصر نے الزام عائد کیا ہے کہ 9 مئی محسن نقوی اور آئی جی پنجاب کا ڈرامہ ہے۔ قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ابھی مئی کا مہینہ آرہا ہے، یہ پھر 9 مئی 9 مئی کریں گے، آپ نے جتنا رونا رویا عوام نے آپ کے بیانیے کو زمین بوس کردیا، 9 مئی محسن نقوی اور آئی جی پنجاب کا ڈرامہ ہے، 9 مئی پی ٹی آئی کو اقتدار سے دور رکھنے کا ڈرامہ ہے، موجودہ حکومت فارم 47 سے وجود میں آئی، 9 مئی کے معاملے پر جوڈیشل کمیشن بنائیں، چاروں صوبوں کے چیف جسٹس کو کمیشن کا حصہ بنائیں، جو ذمہ دار ہو اسے سزا دیں۔

سابق سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ بلاول بھٹو تو اپنے آپ کو جمہوری کہتے ہیں، ہمارا ایک جلسہ ان سے برداشت نہیں ہورہا، کیا ہم اس ملک کے شہری نہیں ہیں؟ یہ بدترین الیکشن ہوا ہے، عوامی مینڈیٹ پامال کیا گیا، کراچی کے ایم این ایز اپنے گھر والوں سے پوچھیں، یہ لوگ مسترد شدہ لوگ ہیں، ہم کراچی بھی جائیں گے اور لاہور بھی، روک سکو تو روک لو، ہمارے ساتھ یہ رویہ رکھا گیا تو یہ اسمبلی نہیں چلے گی۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ میں چیلنج کرکے کہہ رہا ہوں یہ سیکریٹریٹ بھی اس چیز کی گواہی دے گا کہ جتنے پروڈکشن آرڈر میرے دور میں ایشو ہوئے شاید کسی کے دور میں ہوئے ہوں، اس وقت سینیٹ میں ان کے لیڈر چئیرمین ہیں، ہمارے متعدد سینیٹرز جیلوں میں ہیں یا روپوش ہیں، چیئرمین سینیٹ ہمت کرے جرات کا مظاہرہ کرے اور پروڈکشن آرڈر جاری کرے- اسد قیصر نے پنجاب میں کسانوں کے احتجاج میں شامل ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تمام عہدیداروں سے کہتا ہوں کہ احتجاج میں شرکت کریں، گندم کے معاملے پر ایوان میں بحث ہونی چاہیئے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں