حکومت پاکستان سکھ یاتریوں کو سہولیات پہنچانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے ، وزیر دفاع

بھارتی حکومت سے کہتے ہیں کہ وہ بھی سکھ یاتریوں کے لئے خصوصی ٹرین چلانے کے لئے اقدامات کرے، خواجہ آصف

اتوار 14 اپریل 2024 22:00

حسن ابدال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اپریل2024ء) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان سکھ یاتریوں کو سہولیات پہنچانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ انہیں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ، سکھ برادری کے مقدس مقامات کی تزئین و آرائش کا کام جاری ہے ، سکھ برداری کو ٹرینوں کے ذریعے سفر کرنے میں آسانی ہے اس لئے ہم ٹرین کے ذریعے انہیں یہاں لائے ہیں، بھارتی حکومت سے بھی کہتے ہیں کہ وہ بھی سکھ یاتریوں کے لئے خصوصی ٹرین چلانے کے لئے اقدامات کرے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال میں بھارت اور دنیا بھر سے آئے ہوئے سکھ یاتریوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ،ایڈیشنل سیکرٹری شرائن رانا شاہد اور دینا بھر سے آئے ہوئے سکھ یاتریوں کے جھتہ لیڈروں نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستانی قوم کو یہ فخر حاصل ہے کہ سکھ مذہب کے جتنے بھی مقدس مقامات ہیں وہ پاکستان میں ہیں ، میرے حلقے میں سکھوں کا مقدس مقام ہے جس کی دیکھ بھال اور حفاظت کی ضرورت ہے ، وہاں سکھ برادری کے ساتھ ملکر اس مقدس مقام کی تزئین و آرائش جلدی ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ میں کرتار پور ہے وہ بھی سکھ مذہب کابڑا مقدس مقام ہے ، مقدس مقامات سب کے سانجھے ہوتے ہیں ، تمام مذہب تشدد نہیں سکھاتے بلکہ محبت سکھاتے ہیں ، میں سمجھتا ہوں کہ سکھ یاتریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دی جائیں تاکہ وہ اپنے مقدس مقامات پر بلا کسی پریشانی کے جائیں اور ہمیں بھی فخر ہو کہ ہم نے اپنے بہن بھائیوں کی میزبانی کی ہے۔ انہوں نے سکھ یاتریوں کو بیساکھی میلہ کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ آپ خوش رہیں اور آباد رہیں۔ تقریب کے آخر میں سکھ رہنماؤں کی طر ف سے وفاقی وزیر خواجہ آصف محمود کوروایتی چادر پیش کی گئی۔

حسن ابدال میں شائع ہونے والی مزید خبریں